دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں ایک اور بھارتی طیارے کی پاکستان میں ہنگامی لینڈنگ

74

بھارت کی سب سے بڑی فضائی کمپنی انڈیگو کے ایک مسافر طیارے کو تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ رات پاکستان کے شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

انڈیگو کی یہ مسافر پرواز متحدہ عرب امارات میں شارجہ سے بھارتی شہر حیدرآباد جا رہی تھی کہ پائلٹ کو کراچی میں طیارہ اُتارنا پڑا۔ گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں کسی بھارتی مسافر طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

Advertisement

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیگو نے اس واقعے کی تصدیق تو کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا۔ انڈیگو کی طرف سے میڈیا کے لیے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیگو کی پرواز 6E-1406  جو شارجہ سے حیدرآباد جا رہی تھی، کو رخ موڑ کر کراچی اُتارنا پڑا۔ جہاز کے پائلٹ نے طیارے میں ایک تکنیکی خرابی کی نشاندہی کی تھی۔

بیان کے مطابق اس صورتحال میں ضروری طریقِ کار پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات کے تحت جہاز کا رخ کراچی کی طرف کر دیا گیا۔ بعد ازاں انڈیگو کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ کمپنی ایک اضافی پرواز کراچی بھیجنے کی تیاریاں کر رہی ہے تاکہ وہاں موجود مسافروں کو بھارتی شہر حیدر آباد لایا جا سکے۔

پرواز میں سوار بھارتی مسافروں نے پاکستانی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور اُن میں سے بعض نے دوبارہ یہاں آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کو تبصروں کے لیے دیے گئے کارڈز پر ایک مسافر نے لکھا کہ اُنہوں نے ہمارے ساتھ وی آئی پی جیسا اچھا سلوک کیا جس پر وہ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ایک اور مسافر زین سید نے ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرہ بھی کیا کہ ” کیا تمام بھارتی پائلٹ بریانی کھانے کے لیے کراچی میں رُکنا چاہتے ہیں؟ “

یاد رہے کہ اس واقعے سے صرف 12 دن پہلے بھی یعنی 5 جولائی کو ایک اور بھارتی نجی ایئرلائن اسپائس جیٹ کی نئی دہلی سے دبئی جانے والی ایک مسافر پرواز کو بھی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }