شرمیلا ٹیگور نے منصور علی خان پٹودی سے شادی پر اسلام قبول کیا تھا، بیٹی کا انکشاف

16

بالی ووڈ کے معروف پٹودی خاندان کے مذہبی پس منظر سے متعلق ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ اداکار سیف علی خان کی بہن صبا پٹودی نے بتایا ہے کہ ان کی والدہ اور معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا اور بعد میں اپنے بچوں کی بھی اسی حوالے سے رہنمائی کی۔

صبا پٹودی نے حال ہی میں یوٹیوب چینل ’بگ بالی ووڈ بفز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے مذہبی خیالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مذہب اسلام ہے اور وہ اس سے دلی وابستگی رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق جب وہ خدا کو یاد کرتی ہیں تو اللہ ہی کا نام لیتی ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ دوسرے مذاہب کا احترام نہیں کرتیں۔

اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے صبا نے بتایا کہ وہ شرمیلا ٹیگور کو محبت سے ’اماں‘ کہتی ہیں۔ ان کے مطابق شرمیلا ٹیگور نے منصور علی خان پٹودی سے شادی کے موقع پر اسلام قبول کیا تھا اور پھر بچوں کو بھی اسلام، رمضان اور دیگر مذہبی معاملات سے آگاہ کیا۔

صبا کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں مذہبی بنیاد فراہم کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ کسی قسم کی الجھن کا شکار نہ ہوں، تاہم گھر میں مذہب کسی پر مسلط نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق گھر میں ہندو مذہب کی باقاعدہ مذہبی رسومات نہیں ہوتیں تھیں، لیکن بچوں کو اپنے مذہب کے بارے میں سمجھنے کا موقع دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر میں عید کے ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی جیسے تہوار بھی مل جل کر منائے جاتے تھے۔ صبا کے مطابق ان کے والدین نے بچوں پر کسی مخصوص مذہب کی پیروی کے لیے دباؤ نہیں ڈالا بلکہ انہیں خود فیصلہ کرنے کی آزادی دی گئی۔

صبا پٹودی کا کہنا تھا کہ عقیدہ ہر فرد کا ذاتی معاملہ ہے اور کسی شخص کو اپنا مذہب دوسرے پر زبردستی مسلط نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بہن بھائیوں نے بھی مختلف مذاہب میں شادیاں کیں اور خاندان میں مذہب کے معاملے پر غیر ضروری سختی کا رجحان نہیں رہا۔

پٹودی خاندان کے مذہبی حوالے سے صبا سے قبل سیف علی خان بھی گفتگو کرچکے ہیں۔ ایک پروگرام میں سیف نے بتایا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں یہ سکھایا اور وہ اپنے بچوں تیمور اور جہانگیر کو بھی یہی سمجھاتے ہیں کہ خدا ایک ہے، البتہ اس کے نام مختلف ہوسکتے ہیں۔ سیف کے مطابق ان کی اہلیہ کرینہ کپور اور والدہ دونوں مذہب کے معاملے میں کشادہ ذہن رکھتی ہیں۔

پٹودی خاندان میں مختلف مذاہب کے درمیان شادیوں کی روایت بھی پرانی ہے۔ سیف علی خان نے امرتا سنگھ اور بعد ازاں کرینہ کپور سے شادیاں کیں، جبکہ ان کی بہن سوہا علی خان نے ہندو اداکار کنال کھیمو سے شادی کی۔ سوہا کو اس فیصلے پر سماجی سطح پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

کرینہ کپور بھی ماضی میں کہہ چکی ہیں کہ ازدواجی زندگی میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے کو پسند کریں، ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزاریں اور خوش رہیں۔

دوسری جانب شرمیلا ٹیگور نے ماضی میں سیمی گریوال کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خود بھی بتایا تھا کہ منصور علی خان پٹودی سے شادی سے قبل انہوں نے اسلام قبول کیا تھا اور اس موقع پر ان کا نام ’عائشہ‘ رکھا گیا تھا۔ اداکارہ نے اس تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام قبول کرنا نہ تو ان کے لیے بہت آسان تھا اور نہ ہی بہت مشکل، تاہم اس دوران انہیں ہندو مذہب اور اسلام دونوں کو مزید سمجھنے کا موقع ضرور ملا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }