راولپنڈی:
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو گئی جس کے باعث اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.90 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر راول ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جو آج یکم ستمبر صبح 11 بجے کھولے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ سپل ویز کھولنے کے دوران ہائی الرٹ رہیں اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔