قونصل جنرل پاکستان دبئی کا مڈل ایسٹ انرجی 2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح

24

قونصل جنرل پاکستان دبئی کا مڈل ایسٹ انرجی 2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح

قونصل جنرل حسین محمد نے مڈل ایسٹ انرجی 2026 کی 50ویں نمائش کے موقع پر پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش 1 سے 3 ستمبر 2026 تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ دبئی(نیوزڈیسک)::مڈل ایسٹ انرجی خطے کی توانائی کے شعبے کی اہم ترین نمائشوں میں سے ایک ہے، جس میں 35,000 سے زائد توانائی کے ماہرین اور شرکاء، 1,900 بین الاقوامی نمائش کنندگان اور 150 سے زائد ممالک کے نمائندگان شرکت کر رہے ہیں۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان  کے زیرِ اہتمام پاکستان پویلین میں پانچ  پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، جو توانائی کی منتقلی کے اہم شعبوں، بشمول بجلی کی پیداوار، گرڈز و ترسیل، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور توانائی کے انتظام کے شعبوں میں اپنی مصنوعات، مہارت اور جدید حل پیش کر رہی ہیں۔
حسین محمد نے عالمی توانائی کی منڈی میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی  کے تحت پانچ پاکستانی کمپنیوں کی اس اہم بین الاقوامی نمائش میں شرکت پاکستان کی اسمارٹ انرجی سلوشنز، قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔
قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی موجودگی عالمی توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ایک مسابقتی ملک کے طور پر ابھرنے کی بھرپور صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایسی بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت سے پاکستانی کمپنیوں کو نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے، عالمی شراکت داروں کے ساتھ روابط قائم کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو مزیدمستحکم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
قونصل جنرل نے متحدہ عرب امارات کے حکام، بالخصوص دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جانب سے فراہم کردہ سہولت کاری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی نمائش میں شرکت کو کامیاب بنانے کے لیے قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو قونصلیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے قونصل جنرل نے پاکستان پویلین میں موجود مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔
افتتاحی تقریب میں علی زیب خان، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر، پریس قونصلرمحمدصالح خان ،محمد ہارون چوہدری، قونصلرز ، شبیر مرچنٹ، چیئرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی، شرکت کرنے والے پاکستانی کمپنیوں کے نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }