پاک-افریقہ اقتصادی کونسل؛ افریقہ انٹرپرینیورشپ پلیٹ فارم متعارف کروانے کا فیصلہ

14

پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے کے لیےپاکستان کا پہلا آفیشل سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ افریقہ انٹرپرینیورشپ پلیٹ فارم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کے مطابق جمعے کو افریقہ انٹرپرینیورشپ پلیٹ فارم کی باقاعدہ لانچنگ ہوگی جس سے افریقہ کی 1.59ارب آبادی کی مارکیٹ تک نیا راستہ کھلنے کی امید ہے، پلیٹ فارم کا مقصد پاکستان اور افریقہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ پاکستان کا پہلا آفیشل ایس ای سی پی سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ افریقہ انٹرپرینیورشپ پلیٹ فارم ہے، کونسل پاکستانی اور بین الاقوامی کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو پاکستان اور منتخب افریقی ممالک میں منصوبوں اور مشترکہ کاروباری مواقع سے منسلک کرے گی۔

کونسل کے مطابق افریقہ کی آبادی تقریباً 1.59 ارب افراد پر مشتمل ہے، ایسے میں پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کا مقصد پاکستانی کاروباری اداروں اور افریقی معیشتوں کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینا ہے، اس مقصد کے لیے سرمایہ، پیداواری صلاحیت اور کاروباری مہارت کو قابل عمل منصوبوں سے جوڑنے پر توجہ دی جائے گی۔

پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کی ابتدائی توجہ مشرقی افریقہ پر ہوگی، جس میں روانڈا، ایتھوپیا، یوگنڈا اور جبوتی شامل ہیں، اس کے بعد صومالیہ، سوڈان اور جنوبی سوڈان کے ساتھ روابط بڑھانے کا منصوبہ ہے۔

کونسل کا کہنا ہے کہ وہ ایسی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتی ہے جو اقتصادی ترقی، صنعتی فروغ، روزگار کے مواقع اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کونسل کی اہم طاقت پاکستان میں تجربہ کار پیداواری اور کاروباری شراکت داروں کے نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ افریقی کاروباری اداروں، مقامی شراکت داروں اور حکومتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قائم تعلقات ہیں، بین الاقوامی روابط کے سلسلے میں پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل نے 2026 کی آخری سہ ماہی کے دوران مشرقی افریقہ کے لیے دو کاروباری دوروں کا بھی شیڈول بنایا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ دورے مقامی شراکت داروں اور میزبان حکومتوں کے تعاون سے کیے جائیں گے، ان دوروں کے دوران کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو مختلف منصوبوں کا جائزہ لینے، ممکنہ شراکت داروں سے ملاقات کرنے اور خطے میں سرمایہ کاری کے امکانات کو براہ راست جانچنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پاکستان افریقہ اقتصادی کونسل کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد روایتی تجارتی فروغ تک محدود رہنے کے بجائے بڑے اثرات رکھنے والے منصوبوں اور پائیدار مشترکہ کاروباری منصوبوں کے عملی نفاذ میں معاونت کرنا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کونسل کا وسیع تر وژن پاکستان اور افریقہ کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کرنا ہے، جو سرمایہ، صلاحیت اور کاروباری افراد کو ٹھوس اور قابل عمل مواقع سے جوڑ سکے۔

کونسل کے مطابق نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون اور منصوبوں کی بنیاد پر سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان اور افریقی براعظم کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }