پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام میں ایک لاکھ 64 ہزار شہری رجسٹرڈ

19

پنجاب حکومت کے گرین کریڈٹ پروگرام میں اب تک ایک لاکھ 64 ہزار 746 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ 14 ہزار 647 شہری مختلف ماحولیاتی اقدامات پر گرین کریڈٹ حاصل کر چکے ہیں۔ 

پروگرام کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں میں 70 سے 80 فیصد الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق ہیں، جبکہ پانی کے تحفظ، سروس اسٹیشنز پر پانی کی ری سائیکلنگ اور پلاسٹک ویسٹ کے انتظام سے متعلق اقدامات میں نسبتاً کم دلچسپی سامنے آئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کو حاصل اعداد و شمار کے مطابق پروگرام میں رجسٹرڈ شہریوں میں 46 ہزار 365 کا تعلق لاہور جبکہ ایک لاکھ 14 ہزار 913 کا تعلق پنجاب کے دیگر اضلاع سے ہے۔ رجسٹرڈ افراد میں ایک لاکھ 44 ہزار 36 مرد اور 20 ہزار 656 خواتین شامل ہیں۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان زمروں کی مجموعی تعداد رجسٹرڈ شہریوں کی کل تعداد سے 20 ہزار 13 کم ہے۔

گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت فضائی آلودگی میں کمی، پانی کے تحفظ، زمین کی بہتری، کچرے کے بہتر انتظام، ماحولیاتی آگاہی اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں 38 ماحولیاتی اقدامات پر گرین کریڈٹ دیے جا رہے ہیں۔

پروگرام کے ٹاسک ٹیم لیڈر ڈاکٹر محمد واجد اعجاز کے مطابق شہریوں کی جانب سے سب سے زیادہ دلچسپی الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک کاروں کے حصول میں ظاہر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دھویں کے اخراج کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ 
پروگرام میں الیکٹرک رکشوں کے حصول کے لیے بھی گرین کریڈٹ کی سہولت موجود ہے تاکہ روایتی رکشوں کے مالکان اپنے روزگار کو برقرار رکھتے ہوئے ماحول دوست سواری اختیار کر سکیں، تاہم اس اقدام کے لیے درخواستیں نسبتاً کم موصول ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر واجد اعجاز کے مطابق پانی کے تحفظ کے اقدامات پر شہریوں اور کاروباری اداروں کی توجہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پروگرام کے تحت بارش کا پانی جمع کرنے کا نظام نصب کرنے پر 50 ہزار روپے اور جمع شدہ پانی کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے انتظام پر مزید 50 ہزار روپے کی سہولت رکھی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سروس اسٹیشنز پر استعمال شدہ پانی کو صاف کرکے دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم اس شعبے میں خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ اسی طرح پلاسٹک ویسٹ کی ری سائیکلنگ کے شعبے میں کام کرنے والے تقریباً 100 سے 150 اداروں میں سے اب تک صرف تین ری سائیکلرز پروگرام میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

پروگرام کے تحت اب تک فضائی معیار کی بہتری کے اقدامات پر 7 ہزار 908، زمین کی بہتری پر 2 ہزار 867، ویسٹ مینجمنٹ پر ایک ہزار 689، ماحولیاتی آگاہی پر ایک ہزار 492، پانی کے تحفظ اور مؤثر استعمال پر 279 اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ پر 258 شہری گرین کریڈٹ حاصل کر چکے ہیں۔ ان اعداد و شمار کے مطابق فضائی معیار سے متعلق اقدامات میں سب سے زیادہ جبکہ پانی کے تحفظ میں نسبتاً کم گرین کریڈٹ جاری ہوئے ہیں۔

گرین کریڈٹ حاصل کرنے والوں میں سرکاری محکمے میں کام کرنے والی حنا اکرم بھی شامل ہیں، جن کے مطابق انہوں نے اسکول میں ماحولیاتی آگاہی مہم چلانے، ماحولیات سے متعلق تھیسس لکھنے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی تصاویر شیئر کرنے پر تین مرتبہ گرین کریڈٹ حاصل کیے، جن کی مالیت 50 ہزار روپے سے زائد ہے۔

پروگرام کے ایک اور مستفید ہونے والے راحیل شوکت کے مطابق انہوں نے پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل فروخت کرکے الیکٹرک اسکوٹر خریدا، جس پر انہیں 50 ہزار روپے گرین کریڈٹ ملے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکٹرک اسکوٹر کے چھ ہزار کلومیٹر چلنے پر مزید 50 ہزار روپے حاصل ہونے کی توقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }