بھارت کے شہر کولکتہ میں ہندو مذہبی تہوار کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے 17 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک 7 سالہ بچی بھی شامل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں مذہبی تقریب کے لیے جمع ہونے والے افراد اس وقت بے قابو ہجوم کی زد میں آگئے جب رات کے وقت اچانک بارش شروع ہوگئی۔
پنڈال میں داخلے کے منتظر لوگوں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو افراتفری پھیل گئی اور بھگدڑ کے نتیجے میں متعدد افراد کچلے گئے۔
مغربی بنگال کے وزیراعلیٰ کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے 17 افراد میں بچی بھی شامل ہے جبکہ اب تک 6 لاشوں کی شناخت کی جاچکی ہے۔
بھارت میں مذہبی اجتماعات اور عوامی تقریبات کے دوران بھگدڑ کے واقعات پہلے بھی قیمتی جانیں لے چکے ہیں۔ گزشتہ سال کمبھ میلے میں بھگدڑ سے 30 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ بنگلورو میں مقامی کرکٹ ٹیم کی انڈین پریمیئر لیگ میں پہلی کامیابی کے جشن کے دوران بھی ہجوم میں کچلے جانے سے 11 افراد جان سے گئے تھے۔