گوجرانوالہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں تین پولیس مقابلوں کے دوران کمسن بچیوں سے جنسی زیادتی کے مقدمات میں ملوث ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تینوں واقعات میں فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
تھانہ سوہدرہ پولیس کے مقابلے میں 6 سالہ بچی سمیت متعدد کمسن بچیوں کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے والا ملزم جنید اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اپنے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم جنید کو 6 سالہ بچی سے جنسی زیادتی کے مقدمے میں پوٹینسی ٹیسٹ کے بعد واپس لایا جا رہا تھا کہ اس کے دو نامعلوم ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کرکے اسے حراست سے فرار کروانے کی کوشش کی۔ ملزم 2020 سے 2022 کے دوران 5 اور 6 سال کی تین کمسن بچیوں سے جنسی زیادتی کے مقدمات میں بھی جیل جا چکا تھا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔
تھانہ نوشہرہ ورکاں پولیس نے اقدام قتل، ضرر، شہریوں کو اسلحے کے زور پر ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور منشیات فروشی میں ملوث ملزم شہباز عرف تنویر کو پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے منشیات برآمد ہوئی۔
تھانہ اروپ پولیس نے چوری اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم حمزہ کو پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او وزیرآباد کی زیرنگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔