کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی قبر کشائی کرنے والے میڈیکل بورڈ نے حتمی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق میر رضا کی موت دل پھٹنے کے باعث ہوئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق میر رضا کیس میں پولیس سرجن کراچی کی سربراہی میں قبر کشائی کرنے والے بورڈ کی حتمی رپورٹ سامنے آگئی۔ قبر کشائی بورڈ کے مطابق میر رضا کی موت دل پھٹنے کے باعث ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دل پھٹنے کی وجہ سینے پر آتشی اسلحے سے لگنے والی سوراخ کرنے والی چوٹ بنی، میر رضا کے سینے پر گولی کا زخم پشت کی جانب داخل اور سامنے کی جانب خارج ہوا۔
قبر کشائی بورڈ کے مطابق شواہد خودکشی کے طور پر موت سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ رپورٹ میں موت کے طریقہ کار کو خودکشی سے غیر مطابقت قرار دے دیا گیا۔
رپورٹ میں میر رضا کی شرٹ پر ہائیڈروکلورک ایسڈ (تیزاب) کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جبکہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ میر رضا کے خون کے نمونے میں بے ہوش کرنے والی دوا بیوپیواکین کے آثار پائے گئے تھے۔
لیبارٹری رپورٹ میں نشہ آور، سکون آور یا زہریلے مادوں کے شواہد نہیں ملے جبکہ میر رضا کی شرٹ کے نمونوں میں گولی چلنے سے پیدا ہونے والے ذرات کے آثار ملے۔ شرٹ کے اگلے اور پچھلے دونوں حصوں سے سیسہ اور بیریم کے آثار پائے گئے۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق سیسہ اور بیریم آتشیں اسلحے سے فائرنگ کے ذرات سے ملتا ہے جبکہ متوفی کی پشت پر موجود زخم کے اطراف گولی چلنے کے ذرات کی نسبت زیادہ مقدار پائی گئی ہے۔