اسلام آباد کی انسداددہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 نومبر احتجاج کیسز کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کو 4 مزید مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج سے متعلق کیسز کی سماعت کی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے 4 مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور اسی طرح اسلام آباد کے 4 مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماوں کے مزید وارنٹ جاری کیے گئے، عدالت نے پولیس کی استدعا پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1032 میں 5 پی ٹی آئی رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جن میں سہیل آفریدی، شاہد خٹک، سالار کاکڑ، صدام ترین اور امجد علی شامل ہیں، تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 974 اور تھانہ کراچی کمپنی کے مقدمہ نمبر 1193میں 4 پی ٹی آئی رہنماوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، ان رہنماؤں میں سہیل آفریدی، جنید اکبر ،شاہد خٹک اور عاطف خان کے شامل ہیں۔
عدالت کی جانب سے تھانہ آبپارہ کے مقدمہ نمبر 1228 میں 9 پی ٹی آئی رہنماؤں سہیل آفریدی، جنید اکبر، شاہد خٹک، عاطف خان، مینا خان، شفیع جان، نسیم علی شاہ، اقبال آفریدی اور عبدالغنی کے وارنٹ گرفتاری جاری، انسداددہشت گردی عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
پولیس نے بتایا کہ تمام متعلقہ ملزمان مقدمات میں مطلوب ہیں، ملزمان سے تفتیش کے لیے گرفتاری مطلوب ہے۔