خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں نیا نظام، علاقائی ترقیاتی کونسل کیلئے انتخابی عمل شروع

13

خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد قبائلی اور جنوبی اضلاع میں امن و امان کی بحالی، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کی براہ راست نمائندگی یقینی بنانے کے لیے نئے انتظامی نظام کے تحت 12 اضلاع پر مشتمل علاقائی ترقیاتی کونسل کی تشکیل کے لیے انتخابی عمل شروع کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسل کے تحت ہر ضلعے سے دو قبائلی عمائدین یا ملک منتخب کیے جائیں گے اور مجموعی طور پر 24 ارکان پر مشتمل کونسل قائم کی جائے گی، کونسل کے ارکان کا انتخاب روایتی جرگہ نظام، مقامی قبائلی روایات اور باہمی مشاورت کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ پہلے مرحلے میں شمالی وزیرستان، خیبر، بنوں اور ٹل میں انتخابی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ چار علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جرگوں اور مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جن میں قبائلی مشران، ملک، علمائے کرام، مقامی عمائدین اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی، جس میں امن و امان کی صورت حال، سیکیورٹی چیلنجز، عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترقیاتی کونسل کی تشکیل کے حوالے سے بتایا گیا کہ نئے انتظامی نظام کے تحت باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں سے مقامی نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا اور آئندہ دو روز کے دوران باقی اضلاع میں بھی جرگوں کے ذریعے انتخابی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ علاقائی ترقیاتی کونسل کی تشکیل کا بنیادی مقصد قبائلی عمائدین اور مقامی آبادی کو انتظامی و ترقیاتی فیصلوں میں مؤثر نمائندگی فراہم کرنا، عوامی مسائل اور ضروریات کو متعلقہ حکام تک پہنچانا اور مقامی ترجیحات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی نشان دہی کرنا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ جرگوں کے انعقاد اور مشاورتی عمل میں معاونت فراہم کر رہے ہیں، جرگوں میں شریک ملک و مشران نے نئے انتظامی نظام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، عوامی مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرنے اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

علاقائی ترقیاتی کونسل مقامی آبادی اور انتظامی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات مرتب کرنے اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کرنے کا کردار ادا کرے گی۔

حکام کے مطابق تمام متعلقہ اضلاع سے نمائندوں کے انتخاب تک جرگوں اور مشاورتی اجلاس کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے بعد 24 رکنی علاقائی ترقیاتی کونسل کی تشکیل مکمل کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }