پشاور کے علاقے دیر کالونی میں پیش آنے والے اسکول سانحے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں اسکول انتظامیہ کی مبینہ سنگین غفلت اور بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسکول کی بالائی منزل کی چھت بارشوں کے باعث خستہ حال ہوچکی تھی اور بچوں نے خود بھی اسکول کے مالک خان محمد کو چھت کی خراب حالت کے بارے میں آگاہ کیا تھا، تاہم اس کے باوجود چھت کی مناسب مرمت یا عمارت کو محفوظ بنانے کے بجائے اسے عارضی سہارا دے کر بچوں کو دوبارہ اسکول بلایا گیا، جہاں چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی ہے جس میں حادثے کی وجوہات، عمارت کی ساخت، چھت کی خستہ حالی اور اسکول انتظامیہ کی مبینہ لاپروائی سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔