پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا کل سے باقاعدہ آغاز

15

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سہ ملکی سیریز کا باقاعدہ آغاز  18 اکتوبر بروز اتوار راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ اس تاریخی سیریز کا افتتاح میزبان پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ون ڈے سے ہوگا، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ 20 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف اور دوسرا میچ 22 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ہی میں کھیلے گی، تمام میچز کے ٹاس دوپہر 12:30 بجے ہوں گے اور میچ ایک بجے شروع ہونگے جس کے بعد سیریز کا بقیہ مرحلہ اور 31 اکتوبر کا فائنل مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منتقل ہو جائے گا۔

 پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں یہ چوتھی سہ ملکی سیریز ہے جو ملکی سرزمین پر منعقد ہو رہی ہے؛ اس سے قبل پاکستان 1994 میں آسٹریلیا و جنوبی افریقہ، 2004 میں سری لنکا و زمبابوے اور 2025 میں نیوزی لینڈ و جنوبی افریقہ کی میزبانی کر چکا ہے۔

 قومی ٹیم کے قائد شاہین شاہ آفریدی، جنہوں نے اب تک 11 ون ڈے میچوں میں کپتانی کرتے ہوئے 7 میں فتح حاصل کی ہے، اس سیریز میں ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے جبکہ انگلینڈ کی کمان ہیری بروک اور سری لنکا کی باگ ڈور کشال مینڈس کے ہاتھوں میں ہوگی۔

سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کا قومی اسکوائڈ 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں اکٹھا ہوا اور تین دن تک بھرپور مشقیں کیں، سری لنکن ٹیم 12 اکتوبر کو پہنچ کر 14 اکتوبر سے پریکٹس میں مصروف ہوئی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 16 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچی ہے جسے اپنے پہلے میچ سے قبل تین پریکٹس سیشنز کا موقع ملے گا۔

 اعداد و شمار کی روشنی میں دیکھا جائے تو ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کا پلڑا سری لنکا کے خلاف کافي بھاری رہا ہے جہاں 160 میچوں میں پاکستان نے 96 فتوحات حاصل کیں، جبکہ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے 92 میچوں میں سے پاکستان کو 32 میں کامیابی ملی ہے۔ حالیہ فارم کے لحاظ سے پاکستان نے اپنے آخری چار میں سے تین سیریز (جنوبی افریقہ، سری لنکا اور آسٹریلیا) جیت رکھی ہیں، جب کہ انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا اور بھارت کو شکست دے کر زبردست فارم کے ساتھ اس سیریز میں قدم رکھ رہی ہے۔

اس اہم اور سنسنی خیز مقابلے میں شائقین کی نظریں بابر اعظم، جو روٹ اور کشال مینڈس کی بیٹنگ پر مرکوز رہیں گی، جبکہ پاکستان کے اسکوائڈ میں رضا اللہ اور سعد بیگ کی صورت میں دو نئے چہرے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

میڈیا گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ہوم گراؤنڈ پر اتنی مضبوط ٹیموں کے خلاف سیریز شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین دن کی بھرپور پریکٹس سے ٹیم کو زبردست فائدہ ملا ہے اور ہمارا مقصد نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ مثبت نتائج حاصل کرنا ہے۔

انگلش کپتان ہیری بروک نے مختلف حالات میں ڈھلنے اور فائنل میں پہنچ کر ٹرافی جیتنے کو اپنا عزم ظاہر کیا، جبکہ سری لنکن کپتان کشال مینڈس نے سیریز کو ٹیم کی صلاحیتوں کو اعلیٰ سطح پر پرکھنے کا بہترین موقع قرار دیا۔شائقین کرکٹ کے لیے اس سیریز کی براہ راست نشریات کا بھی وسیع انتظام کیا گیا ہے، جہاں پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس، ٹیپ میڈ اور تماشا پر جبکہ بین الاقوامی سطح پر اسکائی اسپورٹس، ولائوٹ وی اور فاکس اسپورٹس جیسے عالمی چینلز پر میچز دکھائے جائیں گے۔

 اس کے علاوہ کمنٹری پینل میں مارک بوچر، واصف / وقار یونس، عامر سہیل، عروج ممتاز، باسط خان اور روشان ابے سنگھے جیسے نامور کمنٹیٹرز اپنے تبصروں سے میچ کی رونق بڑھائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }