راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع

11

راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے افتتاح کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز منصوبے کا افتتاح کریں گی، افتتاحی تقریب بانٹھ انٹرچینج، جی ٹی روڈ پر منعقد ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح 28 اکتوبر یا نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ منصوبے کے افتتاح کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے تاریخ دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ افتتاح کے بعد راولپنڈی رنگ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

آر ڈی اے ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ کے 38.3 کلومیٹر طویل روٹ پر چار انٹرچینجز کا کام 99 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کے دوسرے پیکیج کے تحت ٹولنگ سسٹم کی تنصیب کا کام جاری ہے، جسے افتتاح سے قبل مکمل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹولنگ سسٹم پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی اتھارٹی کے پاس ہوگی۔ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے پہلے پیکیج کا روٹ مکمل ہوچکا ہے، جبکہ تیسرے پیکیج کے تحت تھلیاں انٹرچینج کے لیے اراضی حاصل کرلی گئی ہے۔

آر ڈی اے ذرائع کے مطابق رنگ روڈ کے آخری انٹرچینج، تھلیاں براڈمیڈ انٹرچینج، کو بعد میں مکمل کیا جائے گا، تاہم اس کی تکمیل سے قبل ہی رنگ روڈ کو موٹروے سے منسلک کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کی ورکنگ پارٹی نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے 50 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے تیسرے نظرثانی شدہ پی سی ون کی منظوری دے دی ہے۔ نظرثانی شدہ پی سی ون میں تھلیاں براڈمیڈ انٹرچینج کی تعمیراتی لاگت بھی شامل کرلی گئی ہے۔

منصوبے کے افتتاح کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم حکام کی جانب سے افتتاحی انتظامات مکمل کرنے اور ٹولنگ سسٹم کو فعال بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }