بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاست دان ہیما مالنی نے اپنے آنجہانی شوہر اور لیجنڈ اداکار دھرمیندر کی پہلی برسی کے موقع پر ان کے ساتھ گزرے 45 برسوں کی یادیں تازہ کی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ دھرمیندر ان کے بہترین دوست تھے اور ان کی جدائی کا احساس ہر لمحہ ساتھ رہتا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں فلم ’باغبان‘ کی اداکارہ نے ازدواجی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔ ہیما مالنی کے مطابق وہ شاید دھرمیندر کے ساتھ اتنا وقت نہیں گزار سکیں جتنا ان کی خواہش تھی، لیکن دونوں نے جو وقت ایک ساتھ گزارا وہ ان کے لیے بے حد قیمتی اور سکون کا باعث تھا۔
انہوں نے کہا کہ دھرمیندر ان کے بہترین دوست تھے اور کسی بھی عزیز کی جدائی کے لیے انسان کو کوئی چیز پہلے سے تیار نہیں کرسکتی۔ اداکارہ کے بقول ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ان کے شوہر کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک سال نہیں بلکہ پوری زندگی گزر چکی ہو۔ انہیں ہر لمحہ اور ہر چیز دھرمیندر کی یاد دلاتی ہے۔
ہیما مالنی نے اس خیال سے بھی اختلاف کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ہر زخم بھر جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا اپنی رفتار سے آگے بڑھتی رہتی ہے، لیکن کسی عزیز کو کھونے والے شخص کا غم وہیں ٹھہر جاتا ہے اور وقت گزرنے سے اس کی شدت لازماً ختم نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ ہیما مالنی اور دھرمیندر کا شمار بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑیوں میں ہوتا تھا۔ دونوں نے متعدد کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں ’سیتا اور گیتا‘، ’شعلے‘ اور ’ڈریم گرل‘ نمایاں ہیں۔ دھرمیندر 24 نومبر 2025 کو 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔