ناردرن بائی پاس افغان کٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار بیوی جاں بحق جبکہ شوہر شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے ناردرن بائی پاس افغان کٹ انڈس چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق جبکہ شوہر زخمی ہوگیا ، متوفیہ کی لاش اور زخمی کو چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں متوفیہ کی شناخت 45 سالہ تسلیمہ کے نام سے کی گئی جبکہ حادثے میں شدید زخمی متوفیہ کے شوہر 55 سالہ عبداللہ کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دونوں میاں بیوی موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے دوسری جانب شارع فیصل پر ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق نوجوان راہگیر ہے جبکہ حادثہ شارع فیصل پی اے ایف بیس کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا ہے ، فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔