شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند


لاہور:

شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کو فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق حدِ نگاہ متاثر ہونے کے باعث پہلے ایم 4 کو عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک صرف ہیوی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا تاہم دھند کی شدت کے پیش نظر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت بھی روک دی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کی بندش کا مقصد مسافروں کی جان و مال کا تحفظ ہے، شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی ضرورت کے تحت دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔

ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر زیادہ موزوں ہے۔ ڈرائیور دوران سفر رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں۔

موٹروے پولیس نے مزید کہا ہے کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کی جائیں جبکہ ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست حالت میں رکھے جائیں تاکہ دھند میں حادثات سے بچا جاسکے۔

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }