انڈونیشیا، طاقتور زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی

16

انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں 7.7 شدت کے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

زلزلہ گزشتہ روز صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بجے سے کچھ دیر قبل آیا۔ محکمہ موسمیات و جیو فزکس کے مطابق زلزلے کی گہرائی صرف 15 کلومیٹر تھی جس کے باعث سطحِ زمین پر اس کے جھٹکے زیادہ تباہ کن ثابت ہوئے۔

زلزلے اور اس کے بعد آنے والے درجنوں آفٹر شاکس سے سیکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

ماؤمیرے بندرگاہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرمینل کی عمارت کا ملبہ مسافروں پر آ گرا جبکہ جہاز سے ملانے والا راستہ ٹوٹنے سے متعدد افراد سمندر میں جا گرے۔

مقامی حکام کے مطابق بعض افراد عمارتوں کا ملبہ گرنے کے باعث نیند کے دوران جاں بحق ہوئے۔

زلزلے کے بعد انڈونیشیا کے دیگر علاقوں میں بھی شدید آفٹر شاکس محسوس کیے گئے، جن میں شمالی سماٹرا میں آنے والا 6.4 شدت کا جھٹکا بھی شامل ہے جس کی امریکی جیولوجیکل سروے نے شدت 6.9 بتائی ہے۔

حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کردی ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں اور نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }