عزیز آباد میں رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کی کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث ملزم گرفتار

18

پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ سے بھتہ وصولی میں ملوث احمد علی مگسی گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزم مسلم غلام ولد غلام محمد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم پی آئی بی کالونی کے علاقے میں منشیات فروشی، بھتہ وصولی اور بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزم اپنے ساتھی سلمان شوٹر اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پی آئی بی کالونی میں کاروباری افراد اور لیاقت آباد میں گتہ فیکٹریوں سے بھتہ وصولی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے۔

گرفتار ملزم بھتہ نہ دینے پر بھنگوریہ گوٹھ میں ایک فیکٹری میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ کرنے میں بھی ملوث ہے۔ ملزم کا ساتھی سلمان شوٹر رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق ساتھی کی گرفتاری کے بعد ملزم گرفتاری کے خوف سے روپوش ہو کر بلوچستان چلا گیا تھا اور کچھ عرصہ قبل واپس آ کر دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزم کو اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }