بلوچستان کی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کر دیا۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے بتایا کہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر 5 لاکھ روپے سے لے کر 25 کروڑ روپے تک انعام مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے رحمان گل اور بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے الگ الگ 25، 25 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے اور دیگر مطلوب دہشت گردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بھی لاکھوں اور کروڑوں روپے کے انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔
بابر یوسفزئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دہشت گردوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مستند معلومات متعلقہ اداروں تک پہنچائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور موصول ہونے والی مستند و قابل عمل معلومات کی بنیاد پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انعامات کی ادائیگی حکومت بلوچستان کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی، دہشت گردی کا خاتمہ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عوامی تعاون سے امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات مزید تیز کیے جا سکتے ہیں۔