لاہور:
ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نکاسیٔ آب کے جاری آپریشن کا موقع پر جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ایم ڈی واسا نے لکشمی چوک کا بھی دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر حامد لال نے انہیں نکاسیٔ آب آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لکشمی چوک مکمل طور پر کلیئر ہے جبکہ واسا کے تمام افسران اور عملہ مشینری کے ہمراہ فیلڈ میں متحرک ہے اور مختلف علاقوں میں نکاسیٔ آب کے انتظامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے ہدایت کی کہ بارش کے دوران شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام انڈر پاسز اور ہاٹ اسپاٹ پوائنٹس کو مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے۔
انہوں نے تمام مرکزی شاہراہوں کی مکمل سویپنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، جبکہ شہر کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کیپیسٹی پر چلانے کے احکامات جاری کیے تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔
ایم ڈی واسا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور فیلڈ میں موجود عملہ مکمل طور پر متحرک رہے۔