وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان وزارت دفاع کی جانب سے اسپن بولدک کے قریب پاکستانی چیک پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وضاحت کردی۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان وزارت دفاع کے دعوے کو جعلی اور من گھڑت قرار دینے کا فیکٹ چیک جاری کرتے ہوئے بتایا کہ افغان وزارت دفاع نے اسپن بولدک کے قریب پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ گلستان سیکٹر میں 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب افغان جارحیت کی کوشش ناکام بنائی گئی، جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران کم از کم 13 افغان طالبان اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے اور افغان دعوے کے برعکس سرحدی جھڑپ اور جوابی کارروائی کے شواہد ویڈیوز اور تصاویر میں موجود ہیں۔
وزارت اطلاعات نے بتایا کہ افغان وزارت دفاع کی جانب سے واقعے سے متعلق حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی گئی اور افغان وزارت دفاع کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔