سینیٹری ورکرز کی بڑھتی ہوئی اموات

20

سینیٹری ورکر ونیش کی عمر ابھی 17 سال تھی، اس کے ذہن میں زندگی گزارنے کے بہت خواب تھے۔ ونیش کیونکہ ایک غریب خاندان میں پیدا ہوا تھا، لہٰذا اس کے والدین سینیٹری ورکر تھے۔ اس مجبوری کی بناء پر ونیش بھی سینیٹری ورکر بن گیا۔ کراچی کا قدیم علاقہ بھیم پورا غریبوں کی بستی ہے۔

اس علاقہ میں گٹر بند رہتے ہیں اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوتا ہے۔ 10ستمبر کا دن ایک منحوس دن تھا۔ ونیش کو یہ حکم ملا کہ اپنے ساتھی کے ساتھ ایک مکان کے انڈرگراؤنڈ ٹینک کی صفائی کا فریضہ انجام دے۔ جب ونیش اور اومیش اس گٹر کے قریب پہنچے تو انڈرگراؤنڈ ٹینک سے پانی مسلسل نکل رہا تھا۔ ان دونوں نے کوشش کی کہ بانس اور لوہے کی لمبی راڈ کے ذریعے گٹر کھولا جائے۔ دونوں نے یہ کوشش کی مگر ٹینک میں خاصی تعداد میں پلاسٹک کی تھیلیاں اور کوڑا جمع تھا۔ ان دونوں سینیٹری ورکرز کو اس انڈرگراؤنڈ ٹینک کو کھولنے کے لیے اس میں اترنا پڑا۔ یہ ٹینک خاصا گہرا تھا، یوں دونوں کو زیادہ نیچے جانا پڑا۔ اس ٹینک میں خطرناک گیس میتھین پیدا ہوگئی تھی۔ اس گیس نے ان دونوں افراد کو موت کی وادی میں پہنچا دیا۔

سینیٹری ورکرز کی اس طرح کی اموات کا سلسلہ ایک معمول بن گیا ہے۔ سماجی کارکن نعیم صادق جو سینیٹری ورکرز کو موت سے بچانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں نے اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ ابھی 2026ختم ہونے میں دو ماہ باقی ہیں مگر اب تک پورے ملک میں 24 سے زیادہ سینیٹری ورکرز اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے موت کا شکار ہوگئے ہیں۔ گوگل پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 10 برسوں کے دوران پاکستان میں 1000 کے قریب سینیٹری ورکرز گٹر کھولنے کے دوران زندگی کی جنگ ہارچکے ہیں، وہ سینیٹری ورکرز جو کسی نجی ادارہ میں کام کے دوران حادثہ کا شکار ہوئے اور ان کے لواحقین ان افراد کو اسپتال لے جانے کے بجائے ان کی آخری رسومات میں گئے ان کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ سینیٹری ورکرز انتہائی خراب حالات میں زندگی گزارتے ہیں۔

بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان اور اسلام آباد وغیرہ میں ان سینیٹری ورکرز کو مقامی بلدیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ باقاعدہ ملازمتیں دیتے ہیں، بہت سے سینیٹری ورکرز کو ٹھیکیدار ملازمت پر رکھتے ہیں، یہ ملازمت ڈیلی ویجز کی ہوتی ہے۔ ان اداروں میں کام کرنے والے سینیٹری ورکرز کا تعلق غریب برادری سے ہے۔ ان اداروں کے اہلکار مجموعی طور پر کارکن سے ان کی تنخواہ کا ایک حصہ ضرور وصول کرتے ہیں، پھر ان لوگوں کو پرائیوٹ کام کرنے پڑتے ہیں۔

پہلے یہ بلدیاتی ادارے مستقل ملازمت دیتے تھے مگر ان سرکاری اداروں میں کنٹریکٹ سسٹم اور ٹھیکیداری (Third Party) نظام کے تحت ڈیلی ویجز پر رکھا جاتا ہے۔ ان افراد کو 25 ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں۔ ایک سینیٹری ورکر کا کہنا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن انتظامیہ کے اہلکار یقین دہانی کراتے ہیں کہ انھیں مستقل ملازمت کی فہرست میں شامل کرلیا جائے گا مگر سرکاری ادارے ان سینیٹری ورکرز کو ماسک، آکسیجن سیلنڈر اور لائف جیکٹ جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کرتے۔ جب سرکاری ادارے اپنے ان کارکنوں کو یہ سہولیات نہیں دیتے تو پھر ٹھیکیدار کس طرح یہ بنیادی اشیاء فراہم کریں گے؟

ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت KWSC میں 2ہزار 300 کے قریب سینیٹری ورکرز خدمات انجام دیتے ہیں۔ دیگر اداروں میں سیکڑوں سینیٹری ورکرز کام کرتے ہیں۔ KWSC کے ایک افسر نے ایک صحافی کو بتایا کہ دراصل یہ سپروائزر کی ذمے داری ہے کہ وہ جس کارکن کو گٹر کے اندر داخل ہونے کا حکم دے گا اس کو تمام ضروری آلات فراہم کیے جائیں گے، مگر یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے، اگر تمام ادارے سیفٹی کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کریں اور ہر کارکن کو جان بچانے والے آلات فراہم کیے جائیں تو کسی بھی حادثہ کی صورت میں متعلقہ سپروائزر اور ایکسین وغیرہ کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ اس طرح کے حادثات کی روک تھام ہوسکتی ہے۔

 یہ صورتحال بھارت اور دیگر پڑوسی ممالک میں بھی پائی جاتی ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ نے 13 اگست 2026 کو ایک تاریخی فیصلہ کیا کہ سینیٹری ورکرز خواہ سرکاری ملازم ہو یا کسی پرائیوٹ فرم کا ملازم ہو حکومت کا فرض ہے کہ اس سینیٹری ورکر کی موت کی صورت میں حکومت متوفی کے خاندان کو معاوضہ ادا کرے۔ سماجی کارکن زاہد فاروق نے کراچی میں سینیٹری ورکرز کے حالاتِ کار کا تفصیلی مطالعہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں ٹوٹل کوئی ساڑھے سات ہزار ملازم ہیں اور کنڈی مین جو ریگولر ہے ،ان کی تعداد  1400 ہے اور ڈھائی سو سے تین سو تک ڈیلی ویجر ہے ،جہاں پہ ایمرجنسی ہوتی ہے جب زیادہ مین پارک کی ضرورت ہوتی ہے تو ڈیلی ویجر رکھ لیتے ہیں۔

عام طور پر جو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ملازم سینیٹری ورکر ہیں وہ گٹر میں نہیں اترتے بلکہ ڈیلی ویجرز اترتے ہیں اگر کسی حادثے کی صورت میں پھر کوئی ادارے کی ذمے داری نہیں بنتی۔ ان کی زندگی عام طور پہ عا م آدمی سے کم ہوتی ہے، ان کی زندگی میں رسک بہت ہوتا ہے اور ان کی زندگی کافی رسک کی زندگی ہوتی ہے ہر وقت ان کو ہیلتھ کا ایشو درپیش رہتا ہے، نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر بیماریاں ہمیشہ رہتی ہیں۔ یہ دو سے چار گریڈ کے لوگ جو ہیں رسک والا کام کرتے ہیں لیکن رسک الاؤنس ہمیشہ اس سے اوپر والے جو گریڈ کے لوگ ہیں وہ لیتے ہیں تو ایک تو ہماری یہ ڈیمانڈ ہے کہ رسک الاؤنس ان کو تنخواہ کے برابر دیا جائے، دوسرا ان کو گٹر میں اتارنے پر مکمل پابندی ہو اور یہی سندھ ہائی کورٹ میں محترم نعیم صادق وکیل سارا ملکانی عارف حسن زاہد فاروق اور دیگر سول سوسائٹی کے افراد نے پٹیشن میں ریکویسٹ کی ہے کہ گٹر میں اترنے پر مکمل پابندی لگائی جائے، گٹر کی صفائی کا کام مشینری سے لیا جائے مشینری موجود ہے، اربوں روپے کی مشینری ہے، مشینری کھڑی ہوتی ہے، اس کے باوجود لوگوں کو گٹروں میں اتارا جاتا ہے ۔

گزشتہ سال کوئی 10 سینٹری ورکرز کراچی کے مختلف علاقوں میں گٹر میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے ہیں ،اس میں سے تین عثمان آباد لیاری میں اور تیسر ٹاؤن ،خدا کی بستی کے نزدیک اور ایک نصرت بھٹو کالونی میں دو سینٹری ورکر بھیم پورہ لیاری میں اس طرح کے حادثات کا شکار ہوئے اور اپنی جانیں گواہ بیٹھے اور ان کو کسی قسم کا کوئی معاوضہ نہیں ملا۔معاوضہ نہ ملنے کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ یہ کراچی واٹر اینڈ سیورج کارپوریشن کے باقاعدہ ملازم نہیں تھے حالانکہ 63 ٹاؤن اور عثمان آباد میں جو دو حادثات ہوئے اس میں انوائٹ ورکرز کو جو ہائر کیا وہ یونین کونسلز کے چیئرمین اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینیئر کراچی واٹر اینڈ سیورج کارپوریشن نے کیا۔ سینیٹری ورکرز کے حالاتِ کار کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے والے سماجی کارکن نعیم صادق کبھی پریس کلب کے سامنے پلے کارڈ لیے نظر آتے ہیں تو کبھی بلدیہ کراچی اور سندھ سیکریٹریٹ کی سیڑھیوں پر نظر آتے ہیں اور پھر سندھ ہائی کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹاتے نظر آتے ہیں۔

ان کا یہ بیانیہ ہے کہ سینیٹری ورکرز کو قانون کے مطابق تنخواہ اور عام سہولیات ملنی چاہئیں اور سینیٹری ورکرز کے گٹر میں اترنے پر پابندی عائد کرنی چاہیے۔ حکومت کو جدید آلات فراہم کرنے چاہئیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بغیر گٹر میں جائے سیوریج لائن کھل جائے۔ بھارت، چین اور جدید ممالک میں اسی طریقہ کار پر عمل ہوتا ہے۔ حکومتی سطح پر اس بارے میں بے حسی کے علاوہ کچھ نظر نہیں آیا۔ یہ وقت ہے کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی اس بارے میں قانون ساز ی کریں۔ گندے پانی کے گٹر میں داخلہ پر پابندی عائد کی جائے اور تمام سینیٹری ورکرز کو سیفٹی کے آلات بلامعاوضہ فراہم ہونے چاہئیں، اس بارے میں ایک جامع قانون سازی وقت کی ضرورت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }