فٹبال کے معروف ایوارڈ بیلون ڈی اور 2026 کے فاتح ہیری کین کے نام کا اعلان تقریب سے چند گھنٹے قبل ہی ویب سائٹ پر شائع ہوگیا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ویب سائٹ کی تکنیکی یا اشاعتی غلطی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پیر کی شام گرینچ معیاری وقت کے مطابق 5 بج کر 15 منٹ پر ایوارڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر ’’ہیری کین نے 2026 کا بالون ڈی اور جیت لیا‘‘ کے عنوان سے مضمون سامنے آیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر فاتح کے نام سے متعلق بحث شروع ہوگئی۔
مزید جانچ پر معلوم ہوا کہ لامین یامال، کیلیان ایمباپے اور دیگر نامزد کھلاڑیوں کے بارے میں بھی اسی نوعیت کے مضامین شائع کیے گئے تھے۔
منتظمین کے ترجمان نے وضاحت کی کہ تمام نامزد امیدواروں کے پروفائلز غلطی سے آن لائن شائع ہوگئے تھے اور ان کا حتمی نتائج یا درجہ بندی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
بعد ازاں ہیری کین اور ایمباپے سے متعلق مضامین ویب سائٹ سے ہٹا دیے گئے۔
خواتین کے ایوارڈ کے لیے نامزد الیکسیا پوتیاس اور ایوا پاجور کے بارے میں بھی ایسے مضامین شائع ہوئے تھے۔ الیکسیا پوتیاس کو بعد میں خواتین کے بالون ڈی اور کا باضابطہ فاتح قرار دیا گیا۔
اس واقعے نے ایوارڈ کے فاتحین کے اعلان سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر تجسس اور الجھن پیدا کردی۔