بحری شعبے میں سرمایہ کاری؛ سعودی پاکستانی بزنس کونسل کا کراچی پورٹ کا دورہ

13

کراچی:

 

سعودی۔پاکستانی مشترکہ کاروباری کونسل کے چیئرمین نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، بحری شعبے میں سرمایہ کاری، گرین پورٹ، ٹرمینل کے بنیادی ڈھانچے میں توسیع اور رابطہ کاری کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

سعودی۔پاکستانی مشترکہ کاروباری کونسل (سعودی چیپٹر) کے چیئرمین  شہزادہ منصور بن محمد السعود نے سعودی کاروباری شخصیات کے ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے صدر دفتر اور ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ (SAPTL–HPH) کا دورہ کیا۔

دورے کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور بحری شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔

چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد (ستارۂ امتیاز ملٹری، ستارۂ بسالت) (ریٹائرڈ) نے وفاقی سیکریٹری وزارتِ بحری امور، کیپٹن محمد خرم آغا (ریٹائرڈ) اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی، نورالحق بلوچ کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں منعقدہ اجلاس کی مشترکہ صدارت  شہزادہ منصور اور وفاقی سیکریٹری وزارتِ بحری امور نے کی۔

چیئرمین کے پی ٹی نے کراچی بندرگاہ کی پانچویں نسل کی جدید بندرگاہ میں ڈھلنے کے سفر، مالی سال 2025-26ء کے دوران ریکارڈ کارکردگی، ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں مسلسل اضافے اور جاری جدیدکاری کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے اہم مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے بالخصوص مجوزہ 140 ایکڑ پر محیط میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ اور منوڑہ شپ یارڈ کی ترقی کے منصوبے کو نمایاں کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے ایم-10 پورٹ لنک، کے پی ٹی۔پپری فریٹ کوریڈور، ایم ایل-1 ریلوے رابطے اور ایسٹ۔ویسٹ وارفز کنیکٹیویٹی برج سمیت اہم تزویراتی رابطہ کاری کے منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔

شہزادہ منصور نے کے پی ٹی کے میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ، ماحول دوست بندرگاہ (گرین پورٹ) کے اقدامات، ٹرمینل کے بنیادی ڈھانچے میں توسیع اور رابطہ کاری کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان منصوبوں کو سعودی سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری شراکت داری کے ذریعے باہمی مفاد کے حصول کے لیے اہم امکانات کا حامل قرار دیا۔

سعودی وفد کے SAPTL کے دورے کے دوران انہیں ٹرمینل کی عملیاتی صلاحیتوں، جدید بنیادی ڈھانچے اور جدید ترین کارگو ہینڈلنگ سہولیات کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔

یہ اہم پیش رفت سعودی۔پاکستانی کاروباری شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کے پی ٹی کے عزم کی توثیق کرتی ہے، جس کا بنیادی مقصد کراچی بندرگاہ کو خطے کے ایک ممتاز بحری اور لاجسٹکس مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے۔۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }