کے پی؛ گورنر راج کے خلاف اپیلیں، اختر مینگل، راجا ناصر کی آئینی عدالت میں فریق بننے کی درخواستیں

11

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ اور 3 ایم پی او کے تحت ہونے والی گرفتاریوں کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں دائر اپیلوں میں سردار اختر مینگل اور سینیٹر راجہ ناصر عباس نے فریق بننے کی متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

سردار اختر مینگل اور سینیٹر راجا ناصر عباس کی جانب سے وفاقی آئینی عدالت میں فریق بننے کی درخواستیں ایڈووکیٹ سردار محمد لطیف خان کھوسہ کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر مملکت نے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا، جس سے انہوں نے پشاور ہائی کورٹ میں پہلے ہی چیلنج کر رکھا ہے۔

متفرق درخواستوں کے مطابق 11 اکتوبر کے حکم کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی قیادت اور کارکنوں کے خلاف 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے وارنٹ جاری کر کے چھاپے مارے، جن کے خلاف متاثرہ افراد نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو عدالت نے آرٹیکل 199 کے تحت حکم امتناع جاری کرتے ہوئے رہائی کے احکامات دیے، ان احکامات کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت میں اپیلیں دائر کیں۔

چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے 5 نومبر 2026 کو ان اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے 12 اکتوبر 2026 یا اس کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت دائر درخواستوں کی کارروائی معطل کر دی تھی۔

وفاقی آئینی عدالت کے حکم پر عمل کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی نے 6 نومبر 2026 کو ایسی تمام درخواستیں سماعت کے لیے مقرر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے نتیجے میں گورنر راج کے خلاف درخواست گزاروں کی رٹ پٹیشن بھی کاز لسٹ سے خارج کر دی گئی۔

سردار اختر مینگل اور راجا ناصر عباس کی دائر کردہ درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 5 نومبر کے حکم سے درخواست گزاروں اور خیبرپختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی رٹ پٹیشن ایم پی او حراست سے متعلق نہیں بلکہ براہ راست گورنر راج کے اعلامیے کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرتی ہے اور آرٹیکل 245 کو اس بات کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا کہ ہائی کورٹ اس امر کا جائزہ لینے سے رک جائے کہ آیا آرٹیکل 245 کے نفاذ کی پیشگی شرائط موجود تھیں یا نہیں۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فریق نہ بنائے جانے کی صورت میں یہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی اور انہیں ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزاروں کو مقدمے میں فریق یا معاون کے طور پر شامل کر کے دلائل دینے اور تحریری معروضات جمع کرانے کی اجازت دی جائے اور 5 نومبر 2026 کے حکم نامے میں ترمیم کر کے گورنر راج کے خلاف دائر درخواستوں کی معطلی کا حکم واپس لیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }