آسٹریلیا کے سابق کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
اسکینڈل میں سب سے زیادہ پابندی کا سامنا کرنے والے بینکرافٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں صرف اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم کو گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا علم تھا۔
بینکرافٹ نے اپنے تفصیلی بیان میں اعتراف کیا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران انہوں نے مکمل سچ نہیں بتایا تھا اور کئی اہم تفصیلات چھپائی تھیں تاکہ ٹیم کے دیگر ارکان کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔
ان کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ کے دوران دوسرے دن چائے کے وقفے میں ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کی تجویز سامنے آئی۔
بینکرافٹ کا دعویٰ ہے کہ ڈیوڈ وارنر نے یہ تجویز پیش کی جبکہ کوچ ڈیوڈ سیکر اور ڈیرن لی مین بھی اس گفتگو کے دوران موجود تھے۔ ان کے بقول اسٹیو اسمتھ نے اس معاملے سے خود کو الگ کرلیا تھا۔
بینکرافٹ نے کہا کہ انہیں سینڈ پیپر استعمال کرنے کی ذمہ داری دی گئی اور انہوں نے ٹیم کی خاطر یہ کام قبول کیا۔
ان کا دعویٰ ہے کہ میچ کے دوران پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش سمیت دیگر کھلاڑی گیند کی حرکت کے بارے میں ان سے بات کرتے اور رائے دیتے رہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بھی یہی عمل جاری رہا جہاں ٹی وی کیمروں نے انہیں سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا۔
بینکرافٹ کے مطابق واقعے کے بعد ٹیم میٹنگ میں کسی نے لاعلمی کا اظہار نہیں کیا، تاہم بعد میں تمام ذمہ داری چند کھلاڑیوں پر ڈال دی گئی۔
انہوں نے پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس پر بھی ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے سامنے پیش کی گئی کہانی ان کے تجربات سے مختلف ہے۔
بینکرافٹ نے واضح کیا کہ وہ کرکٹ آسٹریلیا کے مجوزہ آزاد فورم میں شرکت کریں گے تاکہ آٹھ سال بعد مکمل حقائق سامنے آسکیں۔