حافظ آباد:
سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے قتل کیس میں ملوث تین ملزمان کوخیبرپختونخوا سے گرفتار کرلیا۔
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر کے مطابق پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا، گرفتار ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں اور اسلحہ برآمد ہوئی ہیں، تینوں گرفتار ملزمان ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری نکلے۔
آر پی او گوجرانوالہ کے مطابق قتل کیس میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں، قتل میں ملوث کسی ملزم کو رعایت نہیں دی جائے گی، تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
آر پی او نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش سے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی، سابق وفاقی وزیر قتل کیس کے دیگر ملزمان بھی جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں رہائش پذیر سابق وفاقی وزیر کو 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب دوران ڈکیتی قتل گلا دبا کر مار دیا گیا تھا، مقتول کے محافظ ہی مبینہ قاتل تھے، پولیس نے چار نامزد ملزمان سمیت 11 افراد کے خلاف قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا ہوا ہے جو کہ مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے لیاقت عباس بھٹی کو رسیوں سے باندھ کر گلا دبایا اور قتل کرنے کے بعد گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، 50 تولے طلائی زیورات، اے ٹی ایم کارڈ اور قیمتی دستاویزات لے کر فرار ہوگئے۔
مقدمے میں زاہد علی اور فرحان علی سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا جن کا تعلق ضلع صوابی سے ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر مقتول کی پراڈو، لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
واضح رہے کہ لیاقت عباس بھٹی مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں وفاقی وزیر رہ چکے تھے۔ وہ دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وہ سابق ارکان قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور شوکت علی بھٹی کے چچا تھے، جبکہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔