گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا پیش


کراچی:

گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا پیش کردی گئی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رکن سمیتا افضال نے صوبے میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک التوا پیش کی۔

وزیر قانون ضیا لنجار نے تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا آغاز ہوچکا ہے خصوصاً  کراچی میں بھی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، اس معاملے پر بحث کے لیے ایک دن مختص کیا جائے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے بھی کئی مرتبہ گفتگو ہوچکی ہے تاہم اس پر بات ہونی چاہیے، تحریک التوا پر بحث کیلئے جمعہ کا دن مختص کردیا گیا۔

اجلاس میں سندھ حکومت کے مالی حسابات سے متعلق آڈٹ سال 2025-26 کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور نے آڈٹ رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بھیجنے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ایوان نے حبیب یونیورسٹی ایکٹ 2012 میں ترمیمی بل پر فوری غور کرنے کی تحریک بھی منظور کرلی۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ترامیم پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے قواعد و ضوابط کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے قواعد سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے قواعد کا جامع جائزہ لینے اور نئی کمیٹیاں تشکیل دینے کی تجویز بھی دی، جبکہ ارکان کو اپنی ترامیم اور تجاویز اسپیکر آفس میں جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دینے کی تجویز پیش کی۔

ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ناصر قریشی نے حیدرآباد میں کھلے عام منشیات فروشی، گٹکے اور دیگر منشیات کی فروخت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ منشیات کی فروخت روکنے کے وعدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا، منشیات کے استعمال سے منہ کے کینسر کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میں منشیات اور گٹکے کی فروخت پر پابندی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

وزیر قانون ضیا لنجار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بروقت کارروائی کی جائے گی، حیدرآباد میں منشیات فروشی کے مقامات کی نشاندہی کی جائے تاکہ کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

اجلاس میں رکن سندھ اسمبلی عادل عسکری نے کراچی میں پانی کی قلت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو یومیہ 1200 ملین گیلن پانی درکار ہے، جبکہ حب سے تقریباً 100 ملین گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ شہر کو اب بھی حب کی پرانی نہر سے پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ 14 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی نئی حب کینال تباہ ہوگئی ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں وزیر بلدیات کی موجودگی میں اس معاملے کو اٹھانے کا موقع دیا جائے گا۔ بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کو دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }