فضائی آلودگی سے لاہور کے درختوں اور پودوں کی صحت متاثر ہونے لگی


لاہور:

لاہور میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی جہاں انسانی صحت کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہے، وہیں شہر کے درخت اور پودے بھی اس کے منفی اثرات کی زد میں آ رہے ہیں۔ فضا میں موجود دھول، باریک ذرات اور زہریلی گیسیں پتوں پر جمع ہو کر ضیائی تالیف سمیت پودوں کے قدرتی حیاتیاتی افعال کو متاثر کر رہی ہیں، جس سے ان کی نشوونما سست ہونے اور صحت متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کے مسلسل اثرات سے درختوں کے پتے پیلے پڑ سکتے ہیں، خشک ہو کر قبل از وقت جھڑ سکتے ہیں جبکہ پودوں کی خوراک تیار کرنے کی صلاحیت بھی کم ہو سکتی ہے۔

بالخصوص سردیوں میں جب لاہور کی فضا میں دھند، گردوغبار اور باریک آلودہ ذرات کی مقدار بڑھ جاتی ہے تو یہ ذرات پتوں کی سطح پر تہہ بنا لیتے ہیں، جس سے سورج کی روشنی جذب کرنے اور ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتا ہے۔

ماہر نباتات اور باغ جناح لاہور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جلیل احمد کے مطابق فضائی آلودگی، دھول مٹی اور زہریلے کیمیائی ذرات پتوں کے مسام بند کر سکتے ہیں، جس سے پودوں میں گیسوں کے تبادلے اور ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتا ہے۔

اس کے نتیجے میں پودے اپنی خوراک کم تیار کرتے ہیں اور ان کی نشوونما سست پڑ جاتی ہے۔ ان کے مطابق سلفر ڈائی آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈز اور زمینی اوزون جیسی آلودہ گیسیں پودوں کے خلیوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

درختوں اور پودوں کو آلودگی کے اثرات سے بچانے کے لیے ان کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کے مختلف علاقوں میں درختوں اور پودوں پر پانی کا چھڑکاؤ کرتی ہے تاکہ پتوں پر جمع ہونے والی دھول اور مٹی صاف کی جا سکے۔

جلیل احمد کے مطابق بارش پتوں کی قدرتی صفائی کا مؤثر ذریعہ ہے، تاہم بارشیں نہ ہونے کی صورت میں مصنوعی طریقے سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ گھروں کے باغیچوں اور چھتوں پر رکھے پودوں کے پتوں کو وقفے وقفے سے پانی سے صاف کریں۔

لاہور میں درختوں اور پودوں پر فضائی آلودگی کے اثرات کی نشاندہی مختلف تحقیقی مطالعات میں بھی کی گئی ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ نباتیات کے محققین کی 2025 میں شائع ہونے والی تحقیق میں شہر کی سات مصروف شاہراہوں کے کنارے موجود پودوں کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے مطابق پتوں پر آلودگی کے ذرات جمع ہونے سے ضیائی تالیف، پتوں کے مسام اور پودوں کے دیگر حیاتیاتی افعال متاثر ہوتے ہیں۔ محققین نے مختلف اقسام کے پودوں میں فضائی آلودگی برداشت کرنے کی صلاحیت میں بھی فرق ریکارڈ کیا۔

اسی طرح یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے محققین کی 2024 میں ہونے والی تحقیق میں لاہور کے چار مقامات پر موجود درختوں کے پتوں کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق کے دوران تجارتی علاقوں اور مصروف شاہراہوں کے قریب درختوں کے پتوں میں سیسہ، کیڈمیم اور زنک جیسی بھاری دھاتوں کی نسبتاً زیادہ مقدار پائی گئی، جو شہری فضائی آلودگی کے نباتات پر اثرات کی نشاندہی کرتی ہے۔

ایف سی کالج لاہور کے شعبہ ماحولیاتی علوم کی جون 2026 میں شائع ہونے والی تحقیق میں بھی انکشاف کیا گیا کہ لاہور کے موجودہ سبز علاقوں کی آلودگی جذب کرنے کی صلاحیت شہر میں پیدا ہونے والی مجموعی آلودگی کے مقابلے میں ناکافی ہے۔ تحقیق میں موجودہ سبز علاقوں کے تحفظ کے ساتھ ان کے رقبے میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق درختوں کو فضائی آلودگی کے اثرات سے محفوظ رکھنا صرف شہری ہریالی برقرار رکھنے کا معاملہ نہیں بلکہ شہر کے ماحولیاتی توازن اور انسانی صحت کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کے بنیادی اسباب پر قابو پانے کے ساتھ موجودہ درختوں کی حفاظت، ان کی مناسب دیکھ بھال اور شہری سبز علاقوں میں اضافے کو بھی ماحولیاتی پالیسی کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }