کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں فیس لیس چالان سے بچنے والوں کے خلاف کلیمپنگ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی سید پیر محمد شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ فیس لیس چالان سے بچنے کے لیے جعلی نمبر پلیٹ اور دیگر حربے استعمال کرنے والی گاڑیوں کو گراؤنڈ پر چیک کریں گے اور ہماری خصوصی کیلمپ ٹیم معاملے کو دیکھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو موقع پر کلیمپ کیا جائے گا، شہریوں کو اَن کلیمپ کروانے کے لیے گاڑی کی اصل نمبر پلیٹ اور دستاویزات دکھانا ہوگی۔
https://www.facebook.com/share/v/1F2YWEqj7k/
ڈی آئی جی ٹریفک نے یہ بھی واضح کیا کہ گاڑیوں کو اَن کلیمپ کروانے کے لیے 2ہزار روپے چارجز بھی ادا کرنا ہوں گے، کیونکہ متعلقہ ٹیم پہلے گاڑی کو کلیمپ کرنے آئے گی اور پھر اسے اَن کلیمپ بھی کرے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کی گاڑیاں کلیمپنگ تک ٹریفک پولیس کے پاس محفوظ حالت میں کھڑی رہیں گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ فیس لیس چالان شروع ہونے کے بعد سے دیکھا گیا تھا کہ شہری چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس کو چھپانے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں۔