میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس نظام، غریب طلبہ کو میڈیکل تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی، گورنر کے پی

خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس نظام متعارف کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام سے غریب اور مستحق طلبہ کو میڈیکل تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی۔

پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے کے ٹیچنگ اسپتالوں میں میڈیکل سیٹس سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکریٹری صحت مطیع اللہ، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان اور 12 ٹیچنگ اسپتالوں کے ڈینز نے شرکت کی۔

اجلاس کو وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان نے سال 27-2026 کے لیے پی ایم ڈی سی کی جانب سے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی اوپن میرٹ اور کوٹہ سیٹس کی تقسیم سے متعلق گورنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

خیبرپختونخوا کے گورنر کو صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ اور کوٹہ سیٹس، بجٹ، اضافی سیٹس، فیسوں اور دیگر انتظامی امور سمیت درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا، خیبر میڈیکل کالج، خیبر گرلز میڈیکل کالج، ایوب میڈیکل کالج، باچا خان میڈیکل کالج، باچا خان ڈینٹل کالج، نوشہرہ میڈیکل کالج اور خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے ڈینز نے گورنر کو میڈیکل سیٹس سے متعلق بریفنگ دی۔

اسی طرح سیدو میڈیکل کالج، بنوں میڈیکل کالج اور گجو خان میڈیکل کالج کے ڈینز نے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کو میڈیکل سیٹس سے متعلق بریفنگ دی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی تمام سرکاری ٹیچنگ میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس اسٹرکچر متعارف کرانے کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس نظام سے غریب اور مستحق طلبہ کو میڈیکل تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی۔

خیبرپختونخوا کے گورنر کو ضم شدہ اضلاع، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے میڈیکل کالجوں میں مختص سیٹس سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے میڈیکل کالجوں میں سیٹس کی تعداد میں کوئی کمی نہیں کی گئی، سوشل میڈیا پر میڈیکل کالجوں میں سیٹس کی کمی سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }