چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی ذائقوں کی مہک بھی پہنچ گئی، پاکستانی خلا باز ذیشان علی کے لیے 100 سے زائد اقسام کے خصوصی حلال کھانے تیار کیے گئے ہیں جن میں روایتی پاکستانی پکوان بھی شامل ہیں۔
شنزو 24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کرنے والے تین خلا بازوں میں پاکستانی ذیشان علی بھی شامل ہیں، جن کے لیے خلائی سفر کے دوران پاکستانی کھانوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ مینیو میں بیف نہاری، لیمب قورمہ، چنے اور چکن بٹر سمیت مختلف روایتی پکوان شامل ہیں۔
خلائی اسٹیشن پر چھ افراد کے لیے خصوصی ڈنر بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس میں پاکستانی اور چینی خلا باز مقامی ذائقوں سے لطف اندوز ہوں گے۔
مشن کے ارکان تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزاریں گے اور اس دوران مختلف سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں انجام دیں گے۔