لباس‘ انسان کی شخصیت کا نمائشی آئینہ ہوتا ہے۔ صاف ستھرے کپڑے‘ کسی کے لیے بھی ایک مثبت رویہ پیدا کر سکتے ہیں۔ خواتین‘ زندگی کے اس حصہ میں ‘ مردوں سے کئی گنا آگے نظر آتی ہیں۔ تمام نہیں‘ مگر عورتوں کا نمایاں حصہ‘ دیدہ زیب ملبوسات کی جانب بہت توجہ دیتا ہے۔ شاید ضرورت سے بھی کچھ زیادہ ۔ چند فیصد مرد حضرات بھی اوڑھنے بچھونے کو ہر وقت بہتر بنانے میں مصروف رہتے ہیں۔ یہ سب کچھ ’’ایک معمول سا ہے۔
اس میں کوئی بھی تعجب والی بات نہیں۔ اس کے برعکس ‘ ہو سکتا ہے ۔ آپ یہ سوچ رہے ہوں کہ بھلا اس نکتے کو زیر بحث رکھنے کی وجہ کیا ہے۔ یہ بالکل درست سوال ہے۔ابتدائی طور پر یہ باتیں بس خانہ پری سی لگتی ہیں۔ مگر اب اس کی ترتیب بدل لیجیے۔ نتیجہ میں ہو سکتا ہے کہ آپ جہان حیرت میں چلے جائیں ۔ سوال صرف یہ ہے کہ کسی بھی ملک کے حکمران طبقے کے کپڑے کیسے ہونے چاہیے؟یہ ہرگز ہرگز معمولی بات نہیں ہے۔ سادہ سا جواب ہے کہ اپنی ریاست کے معاشی حالات اور خطے کی مناسبت سے پہناوا‘ درست ہونا چاہیے۔ مثال کے طور پر اگر چین یا امریکا کے سربراہان ‘ حد درجہ بیش قیمت سوٹ پہننا شروع کر دیں تو ان پر اعتراض کی گنجائش قدرے کم ہو گی۔
اس لیے کہ وہ معاشی طور پر حد درجہ مضبوط ممالک کے قائدین ہیں۔ وہ کروڑوں روپے کے کپڑے بھی پہن سکتے ہیں۔ مگر کیا آپ کو یہ بات قدرے غیر معمولی نہیں لگتی کہ دونوں ممالک کے سربراہان صرف اچھے سوٹ زیب تن کرتے ہیں۔ مگر آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ پینٹ کوٹ‘ بہت زیادہ پرتعیش ہیں۔ ٹرمپ اور چینی صدر کے متعلق کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ خوش لباس نہیں۔ مگر ان کی اصل جوہری طاقت‘ اپنے ملک اور عوام کے لیے بہترین پالیسیوں میں چھپی ہوئی ہے۔ وہ اپنی اپنی ریاستوں کو طاقتور سے مزید طاقتور بنانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ اور اس بڑے بلکہ عظیم کام میں دونوں کامیاب ہیں۔ چین اور امریکا کی اندرونی سیاست کو زیر بحث نہیں لا رہا۔ ان کی اندرونی اور بیرونی منصوبہ بندی پر گزارش کر رہا ہوں۔ اصل نکتہ یہ ہے کہ پہناوے‘ ان کے لیے کوئی خاص یا مرکزی حیثیت نہیں رکھتے ۔ان کے کام ‘ میں سب عظمت یا شرمندگی پنہاں ہے۔ یعنی لباس‘ کی اہمیت نہیں ہے جتنی قائدین کے کردار اور حکمرانی کے چلن کی ہے۔
چین اور امریکا کا ذکر تو ضمناً آ گیا۔ Lowy Institute‘ مغرب کا ایک تحقیقی ادارہ ہے۔ اس کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔ سڈنی میں مقیم یہ ادارہ ‘ ملکوں کی خارجہ پالیسی‘ بین الاقوامی معاملات اور دیگر اہم امور پر تحقیق کرتا رہتا ہے۔ ایشیاء اور اس کے حکمرانوں پر بھی اس کی گہری نظر ہے۔ اس ادارہ نے حکمرانوں کے ملبوسات پر ایک تحقیقی مقالہ لکھا ہے‘ جس میں وزیراعظم اور صدور کو ان کے لباس اور اس کے رد عمل کے مطابق زیر بحث لایا گیا ہے۔ اس میں کسی بھی ریاست کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا گیا۔ ساتھ ساتھ اس میں کسی کی ذاتی تضحیک کا پہلو بھی کارفرما نہیں ہے۔مقصد صرف یہ کہ کون سا ملک مالی حالات کے اعتبار سے کیا ہے اور اس کے حکمران کس سطح کے ملبوسات زیب تن کررہے ہیں۔ ہمارے ملک میں ویسے یہ سوال کرنا ہی عجیب سا لگتا ہے ۔
میکرون ‘ فرانس کے صدر ہیں۔ مارچ 2023ء میں‘ ملک میں پنشن کے متعلق سنجیدہ بحث ہو رہی تھی۔ اس شعبے میں اصلاحات کا ڈول ڈالا جا رہا تھا۔ فرانسیسی صدر ‘ ایک ٹی وی پروگرام میں خود شریک تھا۔ اور موضوع یہی تھا کہ کس طرح حکومتی اخراجات کو کم کر کے سادگی اپنائی جائے۔ میکرون نے ایک بیش قیمت گھڑی پہن رکھی تھی۔ جس کی قیمت تقریباً ساٹھ ہزار یورو بنتی تھی۔ صدر نے پروگرام کے دوران‘ غیر محسوس طریقے سے ہاتھ میز کے نیچے کیا اور گھڑی اتار کر جیب میں ڈال لی۔ یہ سب کچھ ریکارڈ ہو رہا تھا۔
میکرون کا گمان تھا کہ کسی کو بھی خبر نہیں ہوگی۔ مگر اس کی سوچ غلط نکلی۔ پورے فرانس میں ہنگامہ مچ گیا کہ ان کا صدر بات تو حکومتی سادگی کی کر رہا ہے ۔ مگر اس نے اپنے بیانیہ کے بالکل برخلاف‘ ایک بہت قیمتی گھڑی پہن رکھی ہے۔ چھپانے کی بھی بھونڈی حرکت کی ہے جو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لی ہے۔ یقین فرمائیے۔ میکرون کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ ایوان صدر نے بہت سی تاویلات جاری کیں۔ مگر عوام نے انھیں غیر مناسب کہہ کر رد کر دیا۔ اس واقعہ نے فرانس کی داخلی سیاست پر بھی ‘ میکرون کے متعلق ایک منفی تاثر برپا کر دیا۔ سیاسی طور پر اسے بہت ہزیمت اٹھانی پڑی۔ اس واقعہ کو ذہن پر نقش کیجیے تو صاف معلوم پڑتا ہے کہ عوام اپنے حکمرانوں کو سادگی کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک خاتون حکمران کی مثال بھی پیش کرتا ہوں۔ جرمنی میں اینجلینا مرکل‘ پندرہ برس سے زیادہ چانسلری کے عہدے پر فائز رہیں۔ ان کے دور میں‘ تقریباً ایک کروڑ بے روز گار افراد کو باعزت نوکریاں ملیں۔ جرمنی کی معیشت چونتیس فیصد (34) بڑھی۔ برآمدات 106ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ یہ اس آہنی خاتون کے دور کے وہ نمایاں کارنامے تھے ۔ جن کی مثال ‘ دنیا میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ پر مرکل کا رہن سہن حد درجہ سادہ تھا۔ چھٹی والے دن‘ وہ اور ان کے شوہرخود ذاتی گاڑی چلا کر مارکیٹ جاتے تھے۔ سودا سلف خرید کر اپنی گاڑی میں رکھتے تھے۔کوئی ملازم یا سرکاری ہرکارہ ان کے ساتھ نہیں ہوتا تھا۔گھر میں واشنگ مشین لگا کر چانسلر اپنے کنبے کے کپڑے دھوتی تھی۔
اس کا خاوند بھی ہاتھ بٹاتا تھا۔ کھانا بھی دونوں مل کر بناتے تھے۔ اور اب آئیے۔ ملبوسات پر ۔ مرکل حد درجہ سادہ کپڑے زیب تن کرتی تھی۔ گہرے رنگ کی پینٹ اور ان کے اوپر تین بٹنوں والا کوٹ۔ اس کے پاس کافی کوٹ تھے۔ مگر وہ تمام سادہ ہی سے تھے۔ ایسے‘ جو تقریباً جرمنی کا ہر متوسط شہری پہن سکتا تھا۔ ایک پریس کانفرنس میں‘ نامہ نگار نے اس کی سادگی کا تمسخر اڑانے کی کوشش کی۔ اور پوچھا کہ چانسلر صاحبہ ‘ آپ کے کپڑ ے کس ڈیزائنرکے ہیں؟ جواب حد درجہ سنجیدہ تھا۔ میں جرمنی کی سربراہ ہوں۔ کوئی ماڈل یا فلم ایکٹر نہیں ۔ آپ کپڑوں کی بجائے ‘ میرے حکومتی اقدامات کے زاویہ سے مجھے پرکھنے کی جستجو کریں۔ مرکل کا یہ ٹھوس جواب سن کر‘ پریس کانفرنس کے شرکاء خاموش ہو گئے۔ چانسلر نے بالکل ٹھیک بات کی تھی۔ اپنی ایمان داری اور سادگی سے مرکل نے جرمنی کو دنیا کے مضبوط ترین ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا۔
اب آپ ہندوستان کے سیاست دانوں کو سامنے رکھیے۔دیوگوڑا‘ تقریباً ایک برس‘ اپنے ملک کا وزیراعظم رہا۔ اس سے پہلے وہ یونین سینٹر اور کرناٹکہ کا وزیراعلیٰ بھی رہا۔ دہائیوں پر محیط ‘ سیاسی کیریئر میں‘ ہر اہم سیاسی عہدے پر فائز رہا۔ غور فرمائیے کہ دیوگوڑا کیا زیب تن کرتا تھا۔ سفید کرتا ‘ سفید دھوتی اور معمولی سے کھڑاؤں کی شکل کی چپل۔ کئی بار ایسے ہوا کہ اپنی چپل وزیراعظم کے دفتر کے باہر اتار دی۔ ننگے پیر ‘ کرسی تک جا کر آلتی پالتی مار کر بیٹھ گیا۔ حد درجہ سادہ رہنے سے اس کی عزت میں کمی تو خیر نہیں بلکہ بڑھاوا ہی آیا تھا۔ ان تمام سچے واقعات کے برعکس‘ ذرا اپنے ملک کے حکمرانوں کے ملبوسات کو دیکھیں تو لگتا ہے کہ شاید یہ کسی ایسے ملک کے قائدین ہیں جو جرمنی‘ فرانس‘ امریکا اور چین کو مالی مدد فراہم کرتے ہیں۔ انھی کے دم قدم سے بین الاقوامی سطح کے فیصلے ہوتے ہیں۔
ان کا عملی رویہ تو یہ ہے کہ قرض لے کر پرتعیش جہاز خریدتے ہیں۔ جو قومی خزانے پر بوجھ ہے۔ شاید آپ کو یقین نہ آئے کہ اکثر قائدین نے ڈریس ڈیزائنر سرکاری خرچ پر رکھے ہوئے ہیں۔ مشورہ بھی دیتے ہیںکہ کس تقریب میں کون سا لباس پہننا ہے۔ اگر ان حرکات یا شوق کو پرکھیں ‘ تو یہ ان شخصیات کی نفسیاتی کمزوری کو ثابت کرتی ہیں۔ دراصل ان کے پاس‘ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے کسی قسم کا کوئی ٹھوس روڈ میپ نہیں ہے اور نہ ہی ہو سکتا ہے۔
پروپیگنڈے کے زور پر ‘ جعلی ترقی کو ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے۔ جو موجودہ سوشل میڈیا کے دور میں حقائق چھپانا ممکن نہیں رہا ہے۔ دراصل ہمارے حکمران طبقات کواندازہ ہے کہ وہ اوسط ذہانت کے مالک بھی نہیں ہیں۔فکری طور پر بانجھ ہیں۔ تو پھر‘ ان کے پاس‘ اور کوئی وطیرہ نہیں رہتا کہ یہ ثابت کر سکیں کہ یہ عوام سے نمایاں ہیں؟ مہنگے کپڑے پہننے کا شوق‘ عوام کی جانب سے مزید غصہ کا باعث بنتا ہے۔ مگر انھیں کوئی پرواہ نہیں۔ کیونکہ وقتی نمود و نمائش ہی ان کا ایجنڈا ہے۔ ان میں سے سادگی اور ٹھوس حکومت کے اجزاء کو تلاش کرنا‘ عبث ہے ۔ انھیں موج کرنے دیجیے۔ اقتدار کے جھولے ختم ہونے پر‘ ہر چیز‘ ٹھیک ہو جائے گی۔