Players from Pakistan Shaheens and Bangladesh A set an example by offering prayers in a single row.

پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کے کھلاڑیوں نے سیمی فائنل سے قبل ایک ساتھ نمازِ جمعہ ادا کرکے اخوت اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال قائم کردی۔

اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل سے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک روح پرور منظر دیکھنے کو ملا، جہاں پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کے مسلمان کھلاڑیوں اور اسٹاف ارکان نے ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر باجماعت نمازِ جمعہ ادا کی۔

یہ خوبصورت منظر جمعہ 27 نومبر کو سیمی فائنل مقابلے کے آغاز سے قبل دیکھنے میں آیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کھیل کے میدان میں حریف ہونے کے باوجود مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کیا۔

نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے اس روح پرور لمحے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جنہیں کرکٹ شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ صارفین نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اس عمل کو کھیل سے بالاتر انسانی اقدار اور اسلامی بھائی چارے کی خوبصورت مثال قرار دیا۔

واضح رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلا دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے اتوار 29 نومبر کو ہوگا۔

 

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }