رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان شاہینز چوتھی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرعزم ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ کے 8 ایڈیشنز میں چھٹی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اور ٹیم کی نظریں چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے پر مرکوز ہیں۔ دفاعی چیمپئن نے رواں ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات، بھارت اے اور نیپال اے کو شکست دی، جبکہ سیمی فائنل میں بنگلادیش اے کو زیر کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب سیمی فائنل میں 46 رنز کی اہم اننگز کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ ناک آؤٹ مقابلوں میں ہمیشہ دباؤ ہوتا ہے، تاہم سیمی فائنل میں انہوں نے کپتان کے ساتھ مل کر طے شدہ حکمت عملی کے مطابق بیٹنگ کی اور ٹیم کو کامیابی دلائی۔
پاکستان شاہینز اب فائنل میں بھی اسی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔