ادنوک کا کوریا کے تعاون سے 2 ارب ڈالر کا گرین فنانسنگ معاہدہ، کم کاربن منصوبوں کی مالی معاونت کے لیے اہم پیش رفت.۔
ابوظہبی::-متحدہ عرب امارات کی توانائی کمپنی ادنوک نے کوریا ٹریڈ انشورنس کارپوریشن ‘ کے تعاون سے 2 ارب ڈالر (7.34 ارب درہم) مالیت کا گرین فنانسنگ معاہدہ طے کر لیا ہے، جس کا مقصد کمپنی کے اندر کم کاربن منصوبوں کی مالی معاونت کرنا ہے۔
یہ معاہدہ ادنوک کے پائیدار مالیاتی اہداف کو مضبوط بناتا ہے، اور اس بات کا مظہر ہے کہ کمپنی اپنی ترقیاتی حکمتِ عملی میں ماحول دوست مالیاتی ذرائع کو شامل کر رہی ہے۔
اس معاہدے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور ادنوک کے منیجنگ ڈائریکٹر و گروپ سی ای او ڈاکٹر سلطان الجابر نے جمہوریہ کوریا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے ‘K-SURE’ کے صدر و چیئرمین ینگجن جانگ سے ملاقات کی۔
یہ مالیاتی سہولت ادنوک کے "سسٹین ایبل فنانس فریم ورک” کے تحت تیار کی گئی ہے اور اسے عالمی ماحولیاتی مالیاتی اصولوں کے مطابق تصور کیا گیا ہے۔ سسٹین ایبل فِچ نے اس فریم ورک کو جانچ کر اس کی آزادانہ دوسری رائے جاری کی، جو عالمی معیار سے ہم آہنگی کی تصدیق کرتی ہے۔
گروپ چیف فنانشل آفیسر خالد الزعابی نے کہاکہ، "یہ سہولت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ادنوک توانائی کے نظام کو پائیدار بنانے کے لیے سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے، اور ساتھ ہی مالی نظم و ضبط کو بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ‘K-SURE’ کے ساتھ ہماری شراکت نہ صرف گرین فنانس تک رسائی کو وسعت دے رہی ہے بلکہ جنوبی کوریا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بھی مستحکم کر رہی ہے، اور ادنوک کو کم کاربن توانائی کے شعبے میں قائدانہ حیثیت دے رہی ہے۔”
یہ ادنوک کی کسی کوریائی ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی کے تعاون سے پہلی گرین فنانسنگ سہولت ہے۔ اس سے قبل 2024 میں ادنوک نے جاپانی بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے ساتھ 3 ارب ڈالر (11 ارب درہم) کا معاہدہ کیا تھا۔ ان دونوں معاہدوں کے نتیجے میں ادنوک کی مجموعی گرین فنانسنگ کی مالیت 18.35 ارب درہم (5 ارب ڈالر) ہو چکی ہے۔
ادنوک کا شمار دنیا کی کم ترین کاربن اخراج کرنے والی تیل و گیس کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ کمپنی نے 2030 تک آپریشنل کاربن اخراج میں 25 فیصد کمی اور 84.4 ارب درہم (23 ارب ڈالر) کی سرمایہ کاری کے ذریعے ہائیڈروجن، جیو تھرمل اور قابلِ تجدید توانائی جیسے نئے شعبوں میں وسعت کا ہدف رکھا ہے۔
ادنوک آئل اینڈ گیس ڈیکاربرنائزیشن چارٹر کی بانی رکن بھی ہے، جس میں بین الاقوامی اور قومی تیل کمپنیوں نے 2030 تک میتھین کے اخراج کو صفر اور 2050 یا اس سے پہلے کاربن نیوٹرل ہونے کا عہد کیا ہے۔اس معاہدے کے لیے گرین لون کوآرڈینیٹر "فرسٹ ابوظہبی بینک” ہے، جبکہ ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی کوآرڈینیٹر "سانتانڈر” کو مقرر کیا گیا ہے۔