سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں 86ویں یومِ پاکستان کے موقع پرتقریب کاانعقاد
سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں 86ویں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کاانعقاد
سفیرپاکستان شفقت علی خان نے قومی ترانہ کی دھن پرپرچم کشائی کی رسم اداکی۔
یواے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی مقامی قوانین، روایات کا احترام اورسوشل میڈیاکے استعمال میں ذمہ داری کامظاہرہ کرے(سفیرپاکستان)

ابوظہبی(اردوویکلی)::گزشتہ روزسفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 86ویں یومِ پاکستان کی مناسبت سے قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز سفیرِ پاکستان شفقت علی خان کی جانب سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے ساتھ قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
سفیرپاکستان شفقت علی خان نے اس موقع پر اپنے مختصرخطاب میں برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک مستحکم و خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت کی اصولی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔
سفیرِ پاکستان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پرتفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی مہمان نوازی اور مواقع پر شکریہ ادا کیا۔ نیزانہوں نے پاکستانی برادری کی متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی میں قابلِ قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کمیونٹی کے افراد پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین اور روایات کا احترام کریں اور موجودہ حالات کے تناظر میں یو اے ای حکام کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔اوربالخصوص سوشل میڈیاکے استعمال میں ذمہ داری کامظاہرہ کریں۔تقریب کے اختتام پرقومی دن کی مناسبت سے تیارکردہ خصوصی کیک بھی کاٹاگیا۔