ایمریٹس کی نئی سفری انشورنس، طبی اخراجات اور سفری رکاوٹوں کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کرے گی

11

ایمریٹس ائیرلائنزکی نئی سفری انشورنس، طبی اخراجات اور سفری رکاوٹوں کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کرے گی

دبئی(نیوزڈیسک):: ایمریٹس ائیرلائنزنے دنیا کی پہلی ایسی جامع سفری انشورنس سروس متعارف کرائی ہے جو سفر کے دوران پیش آنے والی مختلف غیر متوقع صورتحال کے لیے مکمل تحفظ فراہم کرتی ہے، جس میں تنازعات اور جنگی حالات سے متعلق طبی اخراجات کی کوریج بھی شامل ہے۔
نئی "کمپری ہینسو ٹریول کور” پالیسی کے تحت مسافروں کو طبی سہولتوں کے ساتھ ساتھ ایمریٹس کی جانب سے ہوٹل میں قیام اور سفر میں تاخیر یا تعطل کی مختلف صورتوں میں اضافی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
ایئرلائن کے مطابق اگر مسافروں کے سفر میں خلل پڑتا ہے، کسی پرواز کی منسوخی ہوتی ہے یا ایمریٹس کی پرواز دستیاب نہیں ہوتی، تو انہیں بغیر کسی اضافی اخراجات کے متبادل پروازوں کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچایا جائے گا، خواہ سفر میں رکاوٹ تنازعات سے متعلق حالات کے باعث ہی کیوں نہ پیدا ہوئی ہو۔
اس نئی سہولت کے ذریعے مسافر بکنگ کے وقت سے ہی زیادہ اطمینان کے ساتھ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر سکیں گے۔ انشورنس پالیسی میں طبی اخراجات کی توسیع شدہ کوریج شامل کی گئی ہے، جس کی معاونت عالمی انشورنس کمپنی "ٹریول گارڈ” کرے گی، جبکہ ایمریٹس بھی موجودہ سفری انشورنس کے علاوہ اضافی معاونت فراہم کرے گی۔
اس موقع پر ایمریٹس ایئرلائن کے صدر سر ٹم کلارک نے کہا کہ صارفین کی آراء سے معلوم ہوا کہ سفری مانگ بدستور مضبوط ہے، تاہم سفری انشورنس کے شعبے میں ایک واضح خلا موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمریٹس نے ٹریول گارڈ کے اشتراک سے ایک ایسی جامع انشورنس سروس متعارف کرائی ہے جو مسافروں کو مختلف حالات میں زیادہ تحفظ اور اعتماد فراہم کرتی ہے۔ٹریول گارڈ کے عالمی کاروبار اور شراکت داریوں کے سربراہ رسل انتونیو نے کہا کہ یہ نئی انشورنس سروس تحفظ کے معیار میں ایک نئی مثال قائم کرتی ہے اور جدید دور کے مسافروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔
ایمریٹس کی نئی جامع سفری انشورنس میں سفر کی منسوخی، سامان کی تاخیر یا گمشدگی پر معاوضہ، دنیا بھر میں لامحدود طبی اخراجات اور ہنگامی انخلا کی سہولت سمیت متعدد دیگر فوائد شامل ہیں۔
یہ انشورنس پالیسی آسٹریا، بحرین، بیلجیم، کینیڈا، قبرص، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، یونان، ہنگری، آئرلینڈ، اٹلی، کویت، مالٹا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سنگاپور، جنوبی افریقہ، اسپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور دیگر منتخب ممالک میں خریداری کے لیے دستیاب ہے(نیوزبشکریہ وام)
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }