جرمن شیفرڈ – ایکسپریس اردو

12

کتا بھیڑیئے کی نسل سے تعلق رکھنے والا پالتو جانور ہے، پالتو کتا انسان کا سب سے قدیم ساتھی ہے۔ کتا پالتو بنا تو دنیا بھر کی ثقافتوں کا اہم جز بن گیا ہے۔ ابتدائی تہذیبوں میں اسے انتہائی اہم مقام حاصل تھا۔

اس کے علاوہ یہ جانور انسان کے لیے بے شمار خدمات بھی سر انجام دیتا ہے، جن میں شکار، گلہ بانی، حفاظت، پولیس اور فوج کی معاونت، بطور ساتھی اور حال ہی میں معذور افراد کے لیے خصوصی معاون جیسے عوامل اس کی خاصیت مانی جاتی ہیں۔ انہی فوائد کی بدولت اسے انسان کا سب سے وفادار دوست گردانا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں چالیس کروڑ سے زیادہ کتے موجود ہیں جب کہ دنیا بھر میں اس وقت کتوں کی 400 نسلیں پائی جاتی ہیں جن میں سے زیادہ تر کو باہمی نسلی اختلاط کے طریقوں کو استعمال میں لاتے ہوئے پیدا کیا گیا ہے، ان کی مختلف نسلوں کو خالص نسل، دوغلی نسل، مخلوط نسل اور فطری نسل جیسے زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اگر دیکھا جائے تو قدرت نے بعض جانوروں کو ایسی صفات سے نوازا ہے جو انہیں محض جانوروں کی دنیا تک محدود نہیں رہنے دیتیں بلکہ وہ انسانی زندگی کا ایک لازمی حصہ بن جاتے ہیں۔ کتے کی مشہور نسل ’جرمن شیفرڈ‘ بھی انہی غیر معمولی نسلوں میں شامل ہے۔ پالتو کُتوں کی یہ نسل وفاداری، ذہانت اور حفاظت کے لئے اپنی مثال آپ ہے۔ جب بھی دنیا بھر میں بہادری، پرتیلاپن ، فرمان برداری اور انسان دوستی کی بات ہوتی ہے تو جرمن شیفرڈ کا نام سب سے پہلے لیا جاتا ہے، اس کی آنکھوں میں اعتماد، چال میں وقار اور مزاج میں ایسی سنجیدگی پائی جاتی ہے جو اسے دیگر نسلوں سے ممتاز بناتی ہے۔

جرمن شیفرڈ کی کہانی جرمنی کے سرسبز میدانوں اوردیہی علاقوں سے شروع ہوتی ہے، جہاں اسے مویشیوں کی نگرانی، ریوڑوں کی حفاظت کے لیے تیارکیا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس نسل کی غیرمعمولی ذہانت اور کام کرنے کی صلاحیت نے اسے دنیا بھر میں مقبول بنا دیا۔ آج یہ نسل فوجی دستوں ، پولیس فورسز، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں ، بارڈر سیکیورٹی اداروں اور خصوصی خدمات انجام دینے والے یونٹس کا قابلِ اعتماد ساتھی سمجھی جاتی ہے۔ شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جہاں جرمن شیفرڈ اپنی صلاحیتوں کے باعث عزت اور اعتماد کی نگاہ سے نہ دیکھا جاتا ہو۔ جرمن شیفرڈ نسل کا سب سے درخشاں پہلو اس کی ذہانت ہے۔ ماہرین حیوانات کے مطابق یہ دنیا کی ذہین ترین نسلوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ اپنے مالک کے اشاروں، آوازکے اتار چڑھاؤ اور رویوں کو غیر معمولی حد تک سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے پیچیدہ ترین ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں اور یہ انہیں حیران کن مہارت کے ساتھ انجام دیتا ہے۔ کسی لاپتہ شخص کی تلاش ہو، دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی ہو یا کسی خطرناک مجرم کا سراغ لگانا ہو، جرمن شیفرڈ اپنی سونگھنے کی صلاحیت اور تربیت یافتہ ذہانت کے ذریعے انسانوں کی مدد کرتا نظر آتا ہے۔

اس نسل کی ایک متاثر کن خوبی اس کی بے مثال وفاداری بھی ہے۔ جرمن شیفرڈ اپنے مالک اور خاندان کے ساتھ ایک جذباتی تعلق قائم کر لیتا ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتا جاتا ہے، وہ گھر کے ہر فرد کو پہچانتا ہے، ان کی عادات سے واقف ہوتا ہے اور ان کی موجودگی میں خود کو ذمہ دار محافظ تصور کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں جرمن شیفرڈ کو نہ صرف ایک بہترین گارڈ ڈاگ بلکہ ایک مثالی فیملی کمپینین بھی سمجھا جاتا ہے، اس کی وفاداری محض ایک جبلت نہیں بلکہ ایک ایسا رویہ ہے جو اکثر انسانوں کو بھی حیران کر دیتا ہے۔ حفاظت کے میدان میں جرمن شیفرڈ کی شہرت کسی تعارف کی محتاج نہیں، اس کی فطرت میںچوکسی اور نگرانی کا عنصر اس قدر غالب ہے کہ یہ معمولی سی حرکت کو بھی محسوس کر لیتا ہے، اس کی موجودگی ہی اکثر خطرات کو دور رکھنے کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا کے حساس ترین ادارے، سفارتی مراکز، فوجی تنصیبات اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی میں جرمن شیفرڈ کو ترجیح دی جاتی ہے، یہ نہ صرف خطرے کی بروقت نشاندہی کرتا ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر اپنی جان کی پروا کیے بغیر دفاع کے لیے بھی تیار رہتا ہے۔

جرمن شیفرڈ کی زندگی کا ایک اہم پہلو اس کی تربیت ہے، قدرت نے اسے سیکھنے اور سمجھنے کی غیر معمولی صلاحیت عطا کی ہے، مگر اس صلاحیت کو نکھارنے کے لیے مثبت اور مسلسل تربیت ناگزیر ہے، محبت، اعتماد اور مستقل مزاجی کے ساتھ دی گئی تربیت اسے ایک مثالی ساتھی میں تبدیل کر دیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ نسل دنیا بھر میں اطاعت، نظم وضبط اور پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں ایک مثال کے طور پر دیکھی جاتی ہے۔ہمارے ہاں بھی اب جرمن شیفرڈ بطورمحافظ گھروں ، حجروں اورگلہ بانی کے لیے پالا جاتا ہے، اس کی جسمانی ساخت بھی اس کی شخصیت کی طرح متاثر کن ہے، مضبوط عضلات، چوڑا سینہ، متوازن جسم اور مستعد حرکات اسے ایک باوقار اور طاقتور تاثر دیتے ہیں، جب جرمن شیفرڈ دوڑتا ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے طاقت اور وقار ایک ساتھ حرکت کر رہے ہوں، اس کی چال میں اعتماد اور انداز میں خود اعتمادی نمایاں ہوتی ہے، جو اسے دیکھنے والوں پر گہرا اثر چھوڑتی ہے۔ جرمن شیفرڈ کی صحت اور خوش حالی کا انحصار متوازن خوراک اور مناسب ورزش پر ہوتا ہے، یہ ایک فعال اور متحرک نسل ہے جو جسمانی سرگرمی اور ذہنی مشق دونوں کی متقاضی ہے، اگر اسے مناسب سرگرمی نہ ملے تو اس کی فطری توانائی منفی رویوں میں تبدیل ہو سکتی ہے، اسی لیے ماہرین اسے روزانہ واک، کھیل اور ذہنی مشقیں کرانے کی تاکید کرتے ہیں تاکہ اس کی جسمانی اور نفسیاتی صحت برقرار رہے اوراس کی تربیت میں کمی نہ آئے پائے۔

ماحولیات اور جنگلی حیات کے تناظر میں بھی جرمن شیفرڈ سمیت تمام پالتو کتوں کی ذمہ دارانہ نگہداشت ضروری ہے، ایک تربیت یافتہ اور قابو میں رکھا گیا کتا نہ صرف اپنے مالک کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے بلکہ مقامی ماحولیاتی نظام کے لیے بھی کسی نقصان کا باعث نہیں بنتا، اس کے برعکس غیر ذمہ دارانہ رویے جنگلی حیات اور قدرتی ماحول پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، اس لیے پالتو جانور پالنے کے ساتھ ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کی ذمہ داری بھی نبھانا ضروری ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جرمن شیفرڈ صرف ایک نسل کا نام نہیں بلکہ اعتماد، محبت، بہادری، وفاداری اور خدمت کا ایسا استعارہ ہے جس نے صدیوں سے انسان کے دل میں اپنی جگہ بنائی ہوئی ہے، یہ وہ خاموش محافظ ہے جو الفاظ کے بغیر محبت کا اظہار کرتا ہے، یہ وہ وفادار ساتھی ہے جو مشکل ترین لمحوں میں بھی ساتھ نہیں چھوڑتا اور یہ وہ بہادر رفیق ہے جو خطرات کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہو جاتا ہے۔جرمن شفرڈ عموماً کسی بھی خطرے کو دورسے محسوس کرتا ہے جب کہ بے جا آوارہ کتوں کی طرح کسی کو نقصان نہیں پہنچاتا،خوراک بھی عموماً عمدہ اندازہ میں کھاتا ہے ، کسی گندی چیز کو کھانے سے اجتناب برتتا ہے،شاید اسی لیے جرمن شیفرڈ کو دنیا کے بہترین کتوں میں شمار کیا جاتا ہے اورکتوں میں اسے اول درجے پر رکھاجاتا ہے ، کیونکہ یہ انسان کو صرف حفاظت ہی نہیں دیتا بلکہ اعتماد، رفاقت اور وفاداری کا وہ احساس بھی عطا کرتا ہے جو زندگی کے ہر سفر کو زیادہ محفوظ اور خوب صورت بنا دیتا ہے، اس کی موجودگی انسان کو یہ باور کراتی ہے کہ وفاداری ابھی زندہ ہے اور بعض اوقات یہ وفاداری انسانوں سے زیادہ ایک خاموش چار ٹانگوں والے دوست میں ملتی ہے۔

جرمن شیفرڈ کے نر کا وزن عموماً 30 سے40 کلوگرام اورمادہ کا 22 سے 32 کلوگرام تک ہوتا ہے ،جب کہ نر کتے کاقد 60 سے65 سینٹی میٹر باالفاظ دیگر24 سے26 انچ تک ہوتا ہے ، اسی طرح مادہ کا قد 53 سے60 سینٹی میٹر یعنی 21 سے24 انچ تک ہوتا ہے ،جرمن شیفرڈ کی اوسط عمر 9 سے13تک ہوتی ہے ۔

آپ نے اکثر سیکیورٹی کے لیے گھروں کی اونچی دیواریں، جدید ٹیکنالوجی سیکیورٹی سسٹم اور محافظوں کو دیکھا ہوگا مگر امریکا کی ایک کمپنی نے ان صلاحیتوں کے حامل چندکتوں کو تیار کیا ہے۔ ملٹری گریڈ کی پہچان رکھنے والے ان کتوں کی خاصیت یہ ہے کہ یہ کسی بھی خطرے کو فوری طور پر بھانپنے کے بعد اس سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ایک عام پالتو کتے کی طرح پیارکرنا اورگرم جوشی دکھانا بھی جانتے ہیں۔کمپنی نے ان کتوں کو گھروں کی حفاظت اور ذاتی محافظ کے طورپر رکھنے کے لیے تیارکیا ہے جنہیں جرمن شیفرڈ ، ڈچ شیفرڈ اور بیلجیئن نسلوں کے اختلاط سے تیارکیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق وہ ایک سال میں 20 سے زیادہ کتے فروخت نہیں کرتے اور پوری دنیا میں یہ صرف 350 کی تعداد میں موجود ہیں،تربیت یافتہ ایک کتے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر یعنی 4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہے، ان کتوں کو 3 سال کی خصوصی تربیت دی گئی ہے جب کہ ممکنہ خریدار کو اسے لینے کے لیے کمپنی کی شرائط پر پورا اترنا پڑتا ہے،کمپنی کے مطابق اس کتے کو خریدنے سے پہلے خریدار کو مختلف مراحل طے کرنا پڑتے ہیں جن میں اس کی ملاقات کتے سے کروائی جاتی ہے، مالک تھوڑا وقت کتے کے ساتھ گزار کر اسے جاننے اور سمجھنے کی کوشش کرتا ہے ،اس پورے عمل کے بعد کتے کو مالک کے حوالے کیا جاتا ہے،مالک کی جانب سے سودا کیے جانے کے بعد بھی کمپنی کا ایک نمائندہ 45 دنوں میں ان کے پاس جاتا ہے اور جاکر چیک کرتا ہے کہ آیا انہوں نے کتے کی تربیت کو برقرار رکھا ہوا ہے یا پھر اسے بری عادتوں میں مبتلا کردیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }