راولپنڈی:
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی پانی کی سطح میں مسلسل تیزی سے اضافے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کا حکم دے دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے پیش نظر شہریوں کے انخلا کا حکم بروقت جاری کیا گیا ہے۔
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تک پہنچی اور پری الرٹ لیول عبور کیا بعد ازاں مسلسل اضافے کے ساتھ 18.5 فٹ تک جا پہنچی۔ گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہوگئی۔
شدید بارش کے باعث بارش کا ریکارڈ بھی بڑھ گیا نیو کٹاریاں میں 120، گولڑہ میں 119 اور شمس آباد میں 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس سے قبل نیو کٹاریاں میں 101، گولڑہ میں 90 اور شمس آباد میں 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔
نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کے باعث رین الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مزید موسلادھار بارش کی صورت میں نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے اور سیلابی ریلے کا خدشہ ہے۔
تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ نالہ لئی کے اطراف نشیبی آبادیوں کے مکینوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نالہ لئی کے کنارے آبادیوں کے انخلا کا حکم برقرار ہے۔