پاکستان تحریک انصاف سینٹرل انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن برائے پنجاب اور رکن پنجاب اسمبلی بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے پنجاب اسمبلی میڈیا ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے ساتھ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات کی حکم عدولی ہو رہی ہے۔
بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ اس وقت سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بانی پی ٹی آئی کے آئین کے مطابق حقوق چاہتے ہیں، حکومت سے پرزور مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرے اور جو رکاوٹ ہے اسے سزا دے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے 27 ستمبر کی کال پر حکومت غلط فہمیاں پھیلا رہی ہے۔ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا کہ پاکستان میں سکیورٹی، مہنگائی، امن و امان کے مسائل اور سیاسی عدم استحکام تھا۔
بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ 50 ہزار میگاواٹ کے باوجود 22 ہزار میگاواٹ کی ڈیمانڈ پوری نہ کرکے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ لندن میں ہو رہا ہے، ان کی اولادیں اور جائیدادیں لندن میں ہیں، حکمرانی ختم ہوگی تو تمام دولت اور سوٹ کیس کے ساتھ لندن چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سی سی ڈی کو بے تحاشا اختیارات دیے گئے تاکہ امن ہو، لیکن جتنے جرائم خواتین کے ساتھ ہو رہے ہیں وہ افسوسناک ہیں۔ چالان پولیس انسانیت کی تذلیل کر رہی ہے، لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ٹریفک وارڈن اپنی طاقت اور غنڈہ گردی سے قانون نافذ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ اپنی موٹرسائیکلوں اور ریڑھیوں کو آگ لگا رہے ہیں، نوجوان ٹریفک وارڈن کی حرکت سے جان چلی گئی، حکومت اس پر فوری ایکشن لے۔
بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کے انٹرویو سے اگر ملک کی بدنامی ہوئی تو پھر رضا ڈار کیس سے کیا خوشنامی کمائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی پنشن، ریٹائرمنٹ کی سہولیات اور لیو انکیشمنٹ ختم کردی گئی ہے۔ جو ملازم سروس میں فوت ہوتا یا زخمی ہوتا تو لواحقین کو محکمہ میں نوکری بھی دی جاتی تھی، جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر کی راہ تک رہے ہیں، انہوں نے آنا ہی چھوڑ دیا ہے، وہ جواب دیں، اگر ملازمین میں اتنی طاقت ہوگی تو پوچھ لیں گے۔
بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ حکومت اس دعوے سے آئی تھی کہ ملک کے مسائل حل کریں گے، لیکن ان مسائل کو دلدل بنا کر عوام کو ڈبو دیا ہے۔ حکمران حکومت کرنے کے چکر میں ظلم و ستم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کافی حد تک بڑھ چکی ہے، ہم نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بھی بنا دیا تھا۔ صوبے بننے چاہئیں لیکن یہ زبردستی کے حکمران ہیں، لانگ ٹرم پالیسی عوام پر مسلط کریں گے، پھر مسائل ہوں گے۔
بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ ڈکیتی کرکے اقتدار میں آنے والی فارم 47 کی حکومت عوامی مسائل حل نہ کرسکی۔