ملائیشیا جانے والے شہری کو آف لوڈ کرنے کے خلاف کیس میں اہم پیشرفت

14

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملائیشیا جانے والے شہری محمد سعید خان کو آف لوڈ کرنے کے خلاف کیس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس ایاز شوکت نے حکم دیا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر آئندہ سماعت منگل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

شہریوں کو وجہ بتائے بغیر آف لوڈ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ جس کو بھی آف لوڈ کریں اسکی وجہ لکھیں، حکام وزٹ ویزا اور انویسٹمنٹ ویزا کو ایک ہی سمجھ رہے ہیں۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر  ایف آئی اے حکام عدالت میں پیش جبکہ شہری کو آف لوڈ کرنے والا افسر عدالتی حکم کے باوجود عدالت پیش نہ ہوا جس پر عدالت برہم ہوگئی۔

جسٹس ایاز شوکت نے استفسار کیا کہ جس افسر نے آف لوڈ کیا تھا وہ خود کیوں نہیں آئے؟ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے نے بتایا کہ جس افسر نے آف لوڈ کیا انکے والد کو کارڈیک مسئلہ تھا اس لیے نہیں آسکے۔ جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ اگلی سماعت پر انھیں کہیں پیش ہوں اور ساتھ سرٹیفکیٹ لے کر آئیں۔

خاتون افسر کی جانب سے انویسٹمنٹ ویزا اور وزٹ ویزا کو ایک جیسا کہنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس ایاز شوکت نے کہا کہ آپ نے رپورٹ میں کچھ اور لکھا ہوا اور روسٹرم پر کچھ اور بتا رہیں ہیں۔

جسٹس ایاز شوکت نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ اپنا بیان حلفی جمع کروائیں اور یہ رپورٹ بھی تبدیل نہ ہو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل بھی اپنا بیان حلفی جمع کروائیں۔

جسٹس ایاز شوکت نے استفسار کیا کہ ایئرپورٹ کے معاملات کون دیکھتا ہے؟ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایئرپورٹ کے سارے معاملات دیکھتے ہیں۔ جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ انھیں کہیں منگل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور متعلقہ ریکارڈ ساتھ لائیں۔

عدالت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر و دیگر متعلقہ حکام کو طلب کرتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار شہری محمد سعید خان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }