حکمرانوں نے مذاکرات میں ٹال مٹول کی تو احتجاج کا سلسلہ وسیع ہوتا جائے گا، حافظ نعیم الرحمان

9

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور معیشت میں بہتری کےلیے تجاویر کو حتمی شکل دے دی ہے جو حکومت کو پیش کی جائیں گی، اگر حکمرانوں نے مذاکرات میں ٹال مٹول کی تو احتجاج کا سلسہ مزید وسیع ہوتا جائے گا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوامی بیداری کےلیے ٹرین مارچ کا آپشن بھی موجود ہے، حکومت سے مذاکرات کا آغاز ہوگا، عوام کو ریلیف دینے میں سنجیدگی نظر نہ آئی تو جماعت اسلامی دھرنوں کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرے گی اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف شریف خاندان پنجاب میں پنجابی کارڈ کھیلنے کی کوشش کررہا ہے تو دوسری طرف پی پی سندھو دیش کے نام پر سندھیوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے، پی پی نے ہردور میں جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا، سندھ کے عوام پی پی سے نفرت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرداری خاندان کو سندھ کے جغرافیہ سے کوئی غرض نہیں، ان کا سب کچھ بیرون ملک ہے، ملک پر مسلط وڈیرے اور جاگیردار وسائل پر قبضہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں، پی پی نے ہارنے کے باوجود مقتدرہ کی مدد سے کراچی کی میئر شپ پر قبضہ کرلیا، خاندانوں پر مشتمل پارٹیوں کو ملک پر مسلط کرنے والوں کو سوچنا پڑے گا کہ کب تک جمہور کی آواز کو دبا کر یہ سلسلہ چلاتے رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مریم نواز کی مسلط کی گئی حکومت نے تعلیم کو تباہ کر دیا، 11 ہزار اسکولوں کو بیچ دیا گیا، اب مزید 25 ہزار فروخت کیے جارہے ہیں، صوبے میں اساتذہ اور ڈاکٹرز سراپا احتجاج ہیں، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کی زراعت کو تباہ کردیا، چھوٹا کسان رل گیا، زراعت کی شرح نمو ساڑھے چھ فیصد سے اعشاریہ دو فیصد پر آگئی، بنیادی مراکز صحت کو فروخت کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے شوگر ملز مافیا کو چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی، کسانوں سے سستا گنا اور سستی گندم خرید کر حکمران اور مافیاز مل کر اربوں کما رہے ہیں، یہ ظلم کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان کے احتجاج سے عوام کا شعور بیدار ہورہا ہے، ہم نے آئی پی پیز مافیا کے ظلم کے بارے میں قوم کو آگاہ کیا اور بجلی سستی کرائی، حکمرانوں کو پیٹرولیم لیوی کو ختم کرنا پڑےگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے مذاکرات میں ٹال مٹول کی تو احتجاج کا سلسلہ وسیع ہوتا جائے گا، جماعت اسلامی کسی ذاتی مفاد کےلیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کےلیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور معیشت میں بہتری کےلیے جماعت اسلامی نے تجاویز کو حتمی شکل دے دی ہے جو کل حکومتی ٹیم کو اسلام آباد میں مذاکرات کے دوران شیئر کردی جائیں گے، یہ قابل عمل تجاویز ہیں ان پر عمل درآمد نہ ہوا تو یہی پرپوزل عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو مسلسل جدوجہد سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے مطالبات نہ مانے گئے تو حکومت گراؤ تحریک کا آغاز بھی ہوسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }