شیخ خلیفہ بن زاید عرب پاکستانی اسکول ابوظہبی میں ، پہلی بار بین الاسکول ذہنی ریاضی کے مقابلوں کا کامیاب انعقاد

27

شیخ خلیفہ بن زاید عرب پاکستانی اسکول ابوظہبی میں پہلی بار ذہنی ریاضی کے بین الاسکول مقابلوں کاانعقاد۔

متحدہ عرب امارات کے مختلف اسکولوں کے طلبہ کی شرکت۔

منسٹر ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارت خانہ پاکستان محترمہ فوزیہ فیاض تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں

مہمان خصوصی کی جانب سے اسکول انتظامیہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

ابوظہبی (اردو ویکلی): شیخ خلیفہ بن زاید عرب پاکستانی اسکول ابوظہبی میں گزشتہ ہفتے ، پہلی بار بین الاسکول ذہنی ریاضی (مینٹل میتھ) کے مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس منفرد تعلیمی مقابلے میں متحدہ عرب امارات کے مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی ذہنی صلاحیتوں، حساب کتاب کی رفتار اور درستگی کا مظاہرہ کیا۔
 تین مختلف کیٹیگریز میں ڈیجیٹل طریقے سے مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں ریاضی سے دلچسپی پیدا کرنے، ذہنی حساب کتاب کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ان کی تنقیدی و تخلیقی سوچ کو فروغ دینا تھا۔ اس سرگرمی نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے اور تعلیمی میدان میں صحت مند مسابقت کے ذریعے آگے بڑھنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ فوزیہ فیاض، منسٹر ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی و وائس چیئر، بورڈ آف ٹرسٹیز، شیخ خلیفہ بن زاید عرب پاکستانی اسکول تھیں۔ انہوں نے طلبہ کی پُرجوش شرکت اور شریک اسکولوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسکول کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس منفرد ڈیجیٹل مقابلے کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی۔
محترمہ فوزیہ فیاض نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے طلبہ کی تعلیمی و ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کی شرکت نے تقریب کی اہمیت میں اضافہ کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کا باعث بنی۔
اس موقع پر اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر عبدالرشید بنگش نے طلبہ کی محنت اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ریاضی کی مہارتوں کو مزید بہتر بنائیں، خود اعتمادی کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور علم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مسلسل نکھارتے رہیں۔
مقابلے کے اختتام پر ہر زمرے میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کو شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں، جبکہ تمام شریک طلبہ کو ان کی محنت اور بھرپور شرکت کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
شیخ خلیفہ بن زاید عرب پاکستانی اسکول ابوظہبی میں اس مقابلے کا انعقاد جدید ڈیجیٹل تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور طلبہ کی ذہنی و علمی نشوونما کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس کامیاب سرگرمی نے نہ صرف طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا بلکہ مختلف اسکولوں کے درمیان تعلیمی تعاون اور مثبت مسابقت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔۔
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }