سرجانی ٹاؤن لیاری 36 میں مکان کی دیوار گرنے سے گھر میں کھیلنے والا 6 سالہ بچہ ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ شارع فیصل ٹیکنالوجی پارک بلڈنگ کی چھت سے گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کےعلاقے سرجانی ٹاؤں لیاری 36 خلفائے راشدین مسجد کے قریب مکان کی دیوار گرنے کے باعث ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی بچے کی شناخت 6 سالہ عبدالغنی ولد عبداللہ کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق متوفی بچہ گھر میں کھیل رہا تھا کہ گھر کی دیوار واش پر گری اور دیوار کے ملبے تلے دب کر سر پر گہری چوٹ آنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی بچی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
صدر تھانے کے علاقے شارع فیصل ٹیکنالوجی پارک بلڈنگ کی چھت سے گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت 55 سالہ ایمانوئل ولد عنایت مسیح کے نام سے کی گئی۔
صدر پولیس کے مطابق متوفی ٹیکنالوجی پارک بلڈنگ میں بطور سپروائز 15 سالوں سے کام کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق متوفی کام کے دوران عمارت کی چھت سے کر جاں بحق ہوا، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔