شنگھائی تعاون تنظیم کی ترجیحات میں اے آئی، علاقائی روابط، نوجوانوں کا اشتراک شامل ہے، وزارت خارجہ

13

وزارت خارجہ نے پاکستان کے پہلی مرتبہ شنگھائی تعاون تنظیم کی قیادت سنبھالنے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت مصنوعی ذہانت، علاقائی روابط اور نوجوانوں کی شمولیت ترجیحات میں شامل ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی آغا شاہزیب درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شیری رحمان، روبینہ قائم خانی، انوشہ رحمان اور عامر ولی الدین چشتی نے شرکت کی، اجلاس میں پاک-افغان تعلقات، وزیراعظم کے دورہ اقوام متحدہ اور اہم سفارتی امور کا جائزہ لیا گیا۔

قائمہ کمیٹی کو پاک-افغان تعلقات کی صورت حال اور حالیہ پیش رفت پر ان کیمرا بریفنگ دی گئی ہے اور پاک-افغان تعلقات سے متعلق اہم معاملات اور حالیہ پیش رفت پر کمیٹی کو اعتماد میں لیا گیا۔

سینیٹ کی کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ اقوام متحدہ اور اہم سفارتی ملاقاتوں کا جائزہ لیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا حالیہ دورہ پاکستان کامیاب سفارتی رابطوں کا عکاس ہے جبکہ کمیٹی کے چیئرمین نے آئندہ اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ اقوام متحدہ پر تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔

چیئرمین کمیٹی آغا شاہزیب نے کہا کہ وزیراعظم کے اقوام متحدہ میں مصروفیات کا ایران-امریکا تنازع کے تناظر میں جائزہ لیا جائے۔

سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے مکہ معاہدہ اور بدلتی علاقائی و عالمی صورت حال پر بھی تفصیلی بریفنگ طلب کی اور خارجہ پالیسی کے اہم معاملات پر پارلیمانی نگرانی مؤثر بنانے پر زور دیا ہے۔

اجلاس میں نئے سیکریٹری خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤقف کی مؤثر نمائندگی کو سراہا گیا۔

کمیٹی کے ارکان نے وزیر خارجہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر اظہار تشویش کیا اور کارروائی میں شرکت ضروری قرار دی۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ وزارت خارجہ کی دستاویزات کی تصدیق کا نظام ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے کہ اور مجموعی دستاویزات کی تصدیق کے 65 فیصد کام کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اسی طرح عمومی دستاویزات کی آن لائن تصدیق ایچ ای سی ڈیٹا بیس سے منسلک کر دی گئی ہے۔

کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے دستاویزات کی دستی تصدیق کا نظام بھی برقرار رکھا گیا ہے، اپوسٹیل تصدیق کا مجموعی کام میں 35 فیصد حصہ ہے، اپوسٹیل تصدیق کا نظام نادرا کے ساتھ منسلک کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔

خارجہ امور کمیٹی نے ڈیجیٹلائزیشن کے باوجود دستاویزات کی تصدیق میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور سرکاری دستاویزات کی تصدیق کے لیے وصول کی جانے والی فیس پر بھی سوالات اٹھائے۔

کمیٹی نے سرکاری دستاویزات کی تصدیق کے چارجز میں کمی پر غور کرنے کی ہدایت کی اور سرکاری دستاویزات پر کیو آر کوڈ متعارف کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دستاویزات کی فوری تصدیق ممکن ہو سکے گی اور ہدایت کی کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق اور غلط استعمال کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔

سینیٹ کمیٹی نے وزارت خارجہ کو ایچ ای سی، نادرا اور وزارت خارجہ کو آئندہ اجلاس میں مربوط ای اٹیسٹیشن نظام کا جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ دستاویزات کی تصدیق کے نظام میں انسانی مداخلت اور غیرضروری تاخیر کم کی جائے، ڈیجیٹل تصدیق کی سہولت سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

پاکستان کی پہلی مرتبہ شنگھائی تعاون تنظیم کی قیادت

سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کو پاکستان کے پہلی مرتبہ شنگھائی تعاون تنظیم کی قیادت سنبھالنے سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت مصنوعی ذہانت، علاقائی روابط اور نوجوانوں کی شمولیت ترجیحات میں شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ایس سی او کے آئندہ سربراہی اجلاس سمیت مختلف تقریبات میں رکن ممالک سے روابط بڑھانے کا منصوبہ ہے، ایس سی او پلیٹ فارم کو دوطرفہ تعاون اور علاقائی سفارتی روابط کے فروغ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس سے متعلق تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور علاقائی تنظیموں میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو قومی معاشی اور اسٹریٹجک مفادات کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔

کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ علاقائی تجارت کے کوٹے فعال بنانے اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے مؤثر نظام کے قیام پر کام جاری ہے۔

چیئرمین کمیٹی آغا شاہزیب نے کہا کہ ایس سی او اور ای سی او میں سفارتی روابط کو ٹھوس معاشی مواقع میں تبدیل کرنا ہوگا، علاقائی روابط، معاشی مواقع اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے فعال سفارت کاری کی ضرورت ہے اور علاقائی فورمز میں پاکستان کے کردار سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }