کراچی:
گل پلازہ کو منہدم کرنے کے لیے جمع کرائی گئی ٹیکنیکل بڈز سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے دفتر میں کھول دی گئیں۔
بڈز کی جانچ پڑتال گل پلازہ ڈیمولیشن آکشن کمیٹی کے چیئرمین و ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے فرحان قیصر، کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر محمد ادریس، اسسٹنٹ کمشنر گارڈن منشاد شاہانی، ڈائریکٹر ساؤتھ طلال مگسی، ڈائریکٹر ڈیمولیشن راشد ناریجو، ڈائریکٹر اسٹرکچر عرفان چانڈیو سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین، بڈرز اور میڈیا نمائندگان کی موجودگی میں کی گئی۔
اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین فرحان قیصر نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موصول ہونے والی 17 درخواستوں میں سے ٹیکنیکل بڈز کی کمیٹی کی جانب سے مکمل جانچ پڑتال (اسسمنٹ) کے بعد کامیاب کمپنیوں کا باقاعدہ اعلان 24 نومبر کو کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 24 نومبر ہی کو فنانشل بڈز بھی کھولی جائیں گی جن کی جانچ پڑتال کے بعد تکنیکی اور مالی طور پر اہل قرار پانے والی کمپنی کو ٹھیکہ الاٹ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔
چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ شرائط کے مطابق جس کمپنی کو یہ ٹھیکہ دیا جائے گا وہ ورک آرڈر ملنے کے 7 روز کے اندر انہدامی کارروائی شروع کرنے کی پابند ہوگی جبکہ متعلقہ کمپنی کو 90 روز کے مقررہ وقت میں پوری عمارت کو منہدم کرنے اور ملبہ مکمل طور پر صاف کر کے زمین ہموار (کھڈا) کرکے حوالے کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔