کوہاٹ: سی ٹی ڈی، پولیس کی مشترکہ کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کوہاٹ ریجن نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر منکاری پہاڑی کے قریب کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کو خفیہ اطلاع ملی کہ تھانہ ایم آر ایس بازید خیل روڈ نزد منکارہ پہاڑی ضلع کوہاٹ میں اتحاد المجاہدین پاکستان سے تعلق رکھنے والے مسلح دہشت گردوں نے ناکہ بندی کی ہے، جو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر محکمہ انسداد دہشت گردی کوہاٹ ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس کوہاٹ نے ساڑھے 6 بجے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا اور جب پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں مطلوبہ مقام پر پہنچیں تو وہاں موجود دہشت گردوں نے جوانوں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوانوں نے اپنے دفاع میں مؤثر جوابی کارروائی کی۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ فائرنگ تھمنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تین دہشت گرد ہلاک پائے گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 عدد ایس ایم جیز اور 9 عدد میگزین برآمد کر لیے گئے ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے  دہشت گردوں میں سے دو کی شناخت عبدالحئی اور عبدالرشید کے ناموں سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ شناخت شدہ دہشت گرد عبدالحئی کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے اور وہ کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ اور بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کی واردات میں مطلوب تھا اور دوسرا دہشت گرد عبدالرشید بھی بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کی واردات میں مطلوب تھا جبکہ ہلاک ہونے والے تیسرے دہشت گرد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جس کے لیے ضروری شناختی اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

سی ٹی ڈی نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق اتحاد المجاہدین پاکستان سے ہے جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا تعاقب کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }