کراچی:
پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے غزہ میں طبی مراکز اور نصر میڈیکل کمپلیکس پر حملوں، طبی عملے کی شہادتوں اور گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پیما کراچی ڈاکٹر احمد حامد اور سیکریٹری پیما ڈاکٹر ذیشان انصاری نے کہا کہ غزہ میں اب تک 1700 سے زائد طبی کارکن جاں بحق جبکہ 362 گرفتار ہوچکے ہیں۔ غزہ کے 36 اسپتال اور 96 صحت مراکز بھی غیر فعال ہوچکے ہیں۔
پریس کانفرنس میں غزہ سے ڈاکٹر احمد الفرا نے بھی شرکت کی۔ پیما کے مطابق نصر اسپتال پر اسرائیلی حملے میں 6 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے، جبکہ 13 لاکھ فلسطینیوں کا انحصار نصر میڈیکل کمپلیکس پر ہے۔
پیما کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے باوجود اکتوبر میں غزہ میں 143 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 674 زخمیوں میں 190 بچے شامل ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار طبی کارکنوں کو رہا کیا جائے، اسپتالوں اور طبی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور غزہ میں طبی مراکز پر حملوں کی بین الاقوامی تحقیقات کرائی جائیں۔
پیما نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے عالمی طاقتوں پر مؤثر دباؤ ڈالے۔